پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے سیکریٹری جنرل حیدر حسین کی وفد کے ہمراہ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) کے صدر طیب اکرام سے ملاقات ہوئی۔
اس موقع پر ڈائریکٹر ڈیولپمنٹ اینڈ ریلیشن منیجر ایشین ہاکی فیڈریشن (اے ایچ ایف) غلام غوث اور پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکریٹری لیفٹیننٹ کرنل (ر) آصف ناز کھوکھر بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران اولمپک کوالیفائر ایونٹ میں انٹرنیشنل ٹیموں کی پاکستان آمد کے موقع پر ان کی سیکیورٹی اور میزبانی سے متعلق امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
اس موقع پر سیکریٹری جنرل پی ایچ ایف حیدر حسین نے کہا کہ پی ایچ ایف کی جانب سے کوریا، جاپان، ملائیشیا اور عمان سمیت دیگر ممالک کی فیڈریشنز سے رابطے میں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایف آئی ایچ ایونٹ سے قبل کراچی اور لاہور میں میدان سجے گا، ایونٹ کا مقصد قومی اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کا زیادہ سے زیادہ ایونٹس اور ہوم گراؤنڈ میں اعتماد بحال رکھنا ہے۔
کوالیفائر ایونٹ کو کامیاب بنانے کےلیے پی ایچ ایف نے اسپانسرز اور قومی اداروں سے بھی رابطہ کیا ہے۔
ایف آئی ایچ صدر طیب اکرام نے پی ایچ ایف کی جانب سے اولمپک کوالیفائر ایونٹ کے حوالے سے شروع کی جانے والی کوششوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ایونٹ کی کامیابی کےلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
Comments are closed.