سندھ ہائی کورٹ نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) لندن کے 3 مبینہ کارکنوں ضمیر الدین، تنظیم احمد اور وقاص حیدر کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔
سندھ ہائی کورٹ نے نارتھ کراچی میں 2018ء میں پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے 2 کارکنوں کے قتل کیس کی سماعت کی۔
جسٹس محمد کریم خان آغا نے ضمانت منظوری کے فیصلے میں کہا کہ کیس کی شریک ملزم بسمہ ناز کو پہلے ہی ضمانت مل چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملزم کیخلاف کتنا بھی سنگین الزام ہو، اسے غیر معینہ مدت تک جیل میں نہیں رکھا جاسکتا ہے، ملزمان 3 سال جیل میں گزار چکے ہیں۔
جسٹس محمد کریم خان آغا نے مزید کہا کہ استغاثہ کے ایک بھی گواہ کا بیان قلم بند نہیں ہوا۔
عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ ماتحت عدالت شواہد کی روشنی میں کیس کا فیصلہ میرٹ پر کرے، ملزمان کے خلاف درج مقدمے میں اُن کا کردار واضح طور پر نہیں بتایا گیا۔
عدالت نے کہا کہ کیس میں صرف شریک ملزم کے بیان پر انحصار نہیں کیا جاسکتا۔
عدالت نے تینوں ملزمان کو 5،5 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان کا تعلق ایم کیو ایم لندن گروپ سے ہے، جن کی فائرنگ سے پی ایس پی کے دو کارکن نعیم رمضان اور اظہر جاں بحق ہوئے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ دسمبر 2018ء میں رضویہ سوسائٹی میں پیش آیا تھا۔
Comments are closed.