بدھ 28؍محرم الحرام 1445ھ16؍اگست 2023ء

پی ایس بی نے پاکستان فٹبال ٹیم کو جناح اسٹیڈیم دینے کی ہامی بھرلی

پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے پاکستان فٹبال ٹیم کےلیے کمبوڈیا کے خلاف میچ کے سلسلے میں جناح اسٹیڈیم اسلام آباد دینے کی ہامی بھرلی۔

پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) نارملائزیشن کمیٹی (این سی) کی درخواست پر جواب دے دیا۔

پی ایس بی نے این سی کو کمبوڈیا کے خلاف میچ کیلئے جناح اسٹیڈیم دینے کی ہامی بھرتے ہوئے کہا ہے کہ بورڈ چاہتا ہے کہ نارملائزیشن کمیٹی کی ٹیم 17 اگست کو جناح اسٹیڈیم کا معائنہ کرلے۔

پی ایف ایف 17 اکتوبر کو شیڈول ہوم میچ کےلیے مختلف آپشنز پر کام کر رہی ہے، سعودی فٹبال فیڈریشن سے بھی رابطہ کیا ہے، ذرائع

بتایا جارہا ہے کہ نارملائزیشن کمیٹی کے ممبران کل اسلام آباد کے جناح اسٹیڈیم کا معائنہ کریں گے۔ 

ادھر پنجاب اسپورٹس بوڈ نے تاحال نارملائزیشن کمیٹی کو پنجاب اسٹیڈیم کے حوالے سے لیٹر جاری نہیں کیا۔

پنجاب اسپورٹس بورڈ نے پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی کے اراکین کو زبانی پنجاب اسٹیڈیم دینے کی ہامی بھری تھی۔

واضح رہے کہ 18 اگست تک پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی نے ایشین فٹبال کنفیڈریشن (اے ایف سی) کو وینیو کے حوالے سے رپورٹ کرنا ہے۔

اے ایف سی کے اراکین وینیو فائنل ہونے پر پاکستان آکر وینیو کا معائنہ کریں گے۔

پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی نے ورلڈکپ 2026 کوالیفائر کے لیے پاکستان اسپورٹس بورڈ اور پنجاب سپورٹس بورڈ کو وینیو کی درخواست کی تھی۔

پی ایف ایف این سی نے ورلڈکپ کوالیفائر کے ہوم میچ کمبوڈیا کے خلاف کھیلنے کے حوالے سے وینیو کی ڈیمانڈ کی تھی۔

پاکستان اور کمبوڈیا کا ورلڈکپ کوالیفائر کا ہوم میچ 17 اکتوبر کو شیڈول ہے جبکہ اس سے قبل 12 اکتوبر کو پاکستان کمبوڈیا جا کر میچ کھیلے گا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.