ایچ بی ایل پی ایس ایل 8 کے پانچویں میچ میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 211 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم پر کھیلے جارہے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
میزبان ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹ پر 210 رنز بنائے، اننگز کے دوران محمد رضوان اور رائیلی روسو نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔
کپتان محمد رضوان اور شان مسعود نے اننگز اوپن کی اور پہلی وکٹ پر 54 رنز کی شراکت قائم کی۔
شان مسعود 20 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، ملتان کی دوسری وکٹ 116 کے مجموعے پر کپتان رضوان کی گری۔
انہوں نے 42 گیندوں پر 66 رنز کی باری کھیلی، اننگز کے دوران محمد رضوان نے 1 چھکا اور 9 چوکے لگائے۔
تیسرے آؤٹ ہونے والے بیٹر رائیلی روسو تھے، جنہوں نے 36 گیندوں پر 75 رنز کی باری کھیلی، اس دوران انہوں نے 2 چھکے اور 12 چوکے لگائے۔
ملتان سلطانز کے ڈیوڈ ملر نے 23 اور کیرون پولارڈ نے 15 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
پشاور زلمی کی طرف سے سلمان ارشاد نے 2 اور سفیان مقیم نے 1 وکٹ حاصل کی جبکہ وہاب ریاض، خرم شہزاد اور جیمز نیشم کوئی وکٹ اپنے نام کرسکے۔
اس سے قبل ٹاس کے لیے بابر اعظم اور محمد رضوان میدان میں اترے، اس موقع پر پشاور زلمی کے کپتان نے کہا کہ ہمارے پاس بولرز اچھے ہیں، آج کی پچ سے بولرز کو مدد ملے گی۔
ملتان سلطانز کے کتپان نے مزید کہا کہ نئی پچ ہے، فی الحال اس کا اندازہ نہیں لگا سکتے ہیں۔
ملتان سلطانز کا ایونٹ میں یہ تیسرا میچ ہے، جو پہلے میچ میں لاہور قلندرز سے صرف ایک رنز سے ہار گئی تھی جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف اس نے فتح اپنے نام کی تھی۔
پشاور زلمی کا بابر اعظم کی قیادت میں ایونٹ میں یہ دوسرا میچ ہے، پہلے مقابلے میں اس نے کراچی کنگز کو زبردست مقابلے کے بعد 2 رنز سے شکست دی تھی۔
Comments are closed.