پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 7 کے 13ویں میچ میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو باآسانی 57 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں لگاتار 5ویں فتح اپنے نام کرلی۔
ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پشاور زلمی کی مضبوط بولنگ لائن کے سامنے رنز کے انبار لگادیے اور اسے جیت کے لیے 223 رنز کا ہدف دیا تھا۔
پشاور زلمی کی ٹیم عمران طاہر اور شاہنواز ڈہانی کی شاندار بولنگ کے سامنے ہدف کے تعاقب میں ناکام رہی اور مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹ پر 165 رنز تک محدود رہی اور میچ 57 رنز سے ہار گئی۔
پشاور زلمی کی طرف سے حیدر علی 24، حضرت اللہ زازئی 43 اور بین کٹنگ 52 ناٹ آؤٹ کے سوا کوئی کھلاڑی خاطر خواہ پرفارمنس نہ دکھا سکا۔
ملتان سلطانز کے عمران طاہر نے 25 اور شاہنواز ڈاہانی نے 41 رنز کے عوض 3، 3 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ایونٹ کے پہلے مرحلے کے میچز کھیلے جارہے ہیں، پی ایس ایل 7 میں دونوں ٹیمیں اپنا 5واں میچ کھیلا۔
پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کے خلاف فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
ملتان کے کپتان محمد رضوان اور ٹم ڈیوڈ کی شاندار نصف سنچریوں اور شان مسعود اور خوشدل شاہ کی برق رفتاری باری کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں اسکور بورڈ پر 222 کا ہدف سیٹ کردیا۔
ملتان سلطانز کی طرف سے شان مسعود اور محمد رضوان بیٹنگ کے لیے میدان میں اترے اور پہلی وکٹ پر 9 اوورز میں 85 رنز کی شراکت قائم کی۔
شان مسعود 35 رنز بناکر شعیب ملک کا شکار بنے تو محمد رضوان نے صہیب مقصود کے ساتھ رنز بنانے کی رفتار تیز کردی اور 13 اعشاریہ 3 اوورز میں اسکور 127 رنز تک پہنچادیا۔
اس موقع پر صہیب مقصود 25 رنز بناکر عثمان قادر کی گیند پر بولڈ ہوگئے، ان کے بعد ٹم ڈیوڈ اور کپتان رضوان نے اسکور 19ویں اوور تک 196 رنز تک پہنچادیا۔
19ویں اوور کی چوتھی گیند پر 53 گیندوں پر 82 رنز بنانے والے محمد رضوان کی اننگز اختتام کو پہنچی، انہوں نے اس دوران 8 چوکے اور 1 چھکا لگایا۔
ملتان سلطانز کے خوشدل شاہ 7گیندوں پر 21 اور ٹم ڈیوڈ 19 گیندوں پر 51 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے، یوں محمد رضوان الیون نے 3 وکٹ پر 222 بنالیے۔
پشاور زلمی کی طرف سے شعیب ملک، عثمان قادر اور سلمان ارشاد نے 1،1 وکٹ اپنے نام کی۔
ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان اور پشاور زلمی کے قائد وہاب ریاض ٹاس کے لیے میدان میں اترے، وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر محمد رضوان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
ملتان سلطانز جو اب تک ایونٹ میں ناقابلِ شکست رہی ہے، وہ اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر سرِفہرست ہے جبکہ پشاور زلمی نے 4 میں سے صرف دو فتوحات سمیٹیں۔
دونوں ٹیموں نے ایونٹ کے اس بڑے مقابلے کے لیے اپنی ٹیموں میں تبدیلیاں کی ہیں، پشاور نے حسین طلعت کی جگہ ثاقب محمود کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا۔
دوسری طرف ملتان سلطانز نے آج کے میچ کے 3 تبدیلیاں کی ہیں، رائیلی روسو، رومان رئیس اور ڈیوڈ ویلی کی جگہ جونسن چارلس، بلیسنگ موزاربانی اور شاہنواز ڈہانی کو شامل کیا گیا۔
پشاور زلمی کی طرف سے کامران اکمل، حضرت اللہ زازئی، حیدر علی، شعیب ملک، شیرفین ردرفورڈ، بین کٹنگ، وہاب ریاض، ثاقب محمود، محمد عمر، عثمان قادر اور سلمان ارشاد میدان میں اترے۔
دوسری طرف ملتان سلطانز کی حتمی الیون میں شان مسعود، محمد رضوان، صہیب مقصود، جونسن چارلس، ٹم ڈیوڈ، خوشدل شاہ، انور علی، عباس آفریدی، عمران طاہر، شاہنواز ڈہانی اور بلیسنگ موزاربانی شامل تھے۔
Comments are closed.