بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

پی ایس ایل 7: اسلام آباد یونائیٹڈ کا کراچی کنگز کو جیت کیلئے 192 رنز کا ہدف

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیون کے 21ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو جیت کے لیے 192 رنز کا ہدف دے دیا۔ 

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 191 رنز بنائے۔ 

میچ میں کراچی کنگز کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔ 

اسلام آباد یونائیٹڈ کے تقریباً تمام ہی بلے بازوں نے اس بڑے ٹوٹل میں اپنا حصہ ڈالا تاہم کپتان شاداب خان 34 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ 

ان کے علاوہ فہیم اشرف نے 29، آصف علی نے 28، ایلکس ہیلز نے 25، اعظم خان نے 22 رنز کی اننگز کھیلی۔

کراچی کنگز کی جانب سے عماد وسیم 2 وکٹیں لے کر نمایاں بولر رہے، جبکہ میر حمزہ، کرس جورڈن، عمید آصف، جورڈن تھامسن نے ایک ایک وکٹ لی۔ 

ایونٹ کے پہلے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 42 رنز سے شکست دی تھی۔

کراچی کنگز کی ٹیم کپتان بابر اعظم، شرجیل خان، جو کلارک، جورڈن تھامپسن، محمد نبی، صاحبزادہ فرحان، قاسم اکرم، عماد وسیم، کرس جورڈن، عمید آصف اور میر حمزہ پر مشتمل ہے۔ 

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں کپتان شاداب خان، رحمان اللہ گرباز، ایلکس ہیلز، محمد اخلاق، آصف علی، اعظم خان، حسن علی، لیام ڈاسن، فہیم اشرف، وقاص مقصود اور ذیشان ضمیر شامل ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.