پی سی بی کو ایچ بی ایل پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز ابوظہبی میں کروانے کی مکمل منظوری مل گئی۔
پی سی بی اور تمام فرنچائز مالکان کے درمیان آن لائن اجلاس کے بعد ایونٹ کے انعقاد سے متعلق انتظامات کو حتمی شکل دی جائے گی۔فریقین کے درمیان آن لائن اجلاس آج دوپہر کو ہوگا، جس کی تفیصلات مناسب وقت پر جاری کردی جائیں گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ ابوظہبی میں ایونٹ کے انعقاد کے سلسلے میں حائل تمام رکاوٹیں ختم ہوگئی ہیں، جس پر ہم بہت خوش اور ایونٹ کے انعقاد کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
وسیم خان کا کہنا ہے کہ ہم متحدہ عرب امارات کی حکومت، ان کی نیشنل ایمرجنسی کرائسز اینڈڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی، ایمریٹس کرکٹ بورڈ اور ابوظہبی اسپورٹس کونسل کے مشکور ہیں، جنہوں نے ایونٹ کے انعقاد میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے میں ہمارے ساتھ بھرپور تعاون کیا۔
انہوں نے کہا کہ پی سی بی ایونٹ کے انعقاد سے متعلق معاملات کو تیزی سے حتمی شکل دینے کے لیے تمام فرنچائز مالکان سے مشاورت کی جائےگی، جس کی مکمل تفصیلات مناسب وقت پر جاری کردی جائیں گی۔
وسیم خان نے کہا کہ وہ اس موقع پرپی سی بی اسٹاف کے مشکور ہیں جنہوں نے جون میں ٹورنامنٹ کے بقیہ میچز کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے عید الفطر کی تعطیلات کے باوجود سخت محنت جاری رکھی ۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کا شمار دنیا کی چند بہترین کرکٹ لیگز میں ہوتا ہے، جو اعلیٰ معیار کی نشریاتی کوریج کے ذریعےشائقین کرکٹ کو اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں اور ٹیموں کی حمایت کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
Comments are closed.