پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نشریاتی حقوق کے معاملے میں ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے موصولہ شکایت پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو خط لکھ کر نظر ثانی کی ہدایت کردی۔
ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان (ٹی آئی پی) کی جانب سے پاکستان کرکٹ بورڈ کو خط لکھ کر پی ایس ایل کے نشریاتی حقوق سے متعلق موصولہ شکایت سے متعلق آگاہ کیا۔
اپنے خط میں ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کا کہنا تھا کہ ٹی آئی پی کو پی سی بی کے خلاف پی ایس ایل کے نشریاتی حقوق سے متعلق شکایت ملی ہے، پی ٹی وی، اے آر وائے کنسورشیم کو پی ایس ایل 23-2022 کے نشریاتی حقوق دینا پیپرا قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
خط کے متن میں کہا گیا کہ پی ٹی وی اور اے آر وائے کا مشترکہ منصوبہ پیپرا قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
اس میں کہا گیا کہ جیوسوپر نے صرف اکیلے 2 سال کے لیے 3.74 ارب روپے کی بولی لگائی تھی۔
اس میں یہ بھی کہا گیا کہ پی ٹی وی، اے آر وائے کنسورشیم کی بولی منظور کرنی تھی تو 2 سال کی 4.2 ارب روپے بنتی ہے، دوبارہ بولی میں پی سی بی نے کنسورشیم کی 2 سال کی بولی 4.35 ارب روپے منظور کی۔
ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے سوال اٹھایا کہ پی ٹی وی نے انفرادی طور پر بولی کیوں نہیں لگائی؟ بولی کے معاملے پر سرکاری ادارے کے حکام کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔
خط میں ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان نے پی سی بی کو موصول شکایت پر نظرثانی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شکایت صحیح ہے تو پی ٹی وی، اے آر وائے کنسورشیم کو نشریاتی حقوق دینے کا فیصلہ منسوخ کیا جائے۔
Comments are closed.