اتوار 5؍شعبان المعظم 1444ھ26؍فروری 2023ء

پی ایس ایل فائنل لاہور میں نہیں ہوگا؟ بورڈ اور حکومت کا جھگڑا نہ نمٹ سکا

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور پنجاب حکومت کا جھگڑا نہ نمٹ سکا، زندہ دلان لاہور پس کر رہ گئے۔

میچ دیکھنے کےلیے مہنگے ٹکٹ خریدے، اُن کا کیا ہوگا؟ کیا پی ایس ایل 8 کا فائنل قذافی اسٹیڈیم میں نہیں ہوگا؟ کیا فائنل دیکھنے کا پلان دھرا کا دھرا رہ جائے گا؟

ادھر پی سی بی نے ایچ بی ایل پی ایس ایل 8 کے میچز کراچی منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا، جس کے باعث لاہور میں شائقین کرکٹ مایوس ہوگئے۔

پی سی بی اور پنجاب حکومت سیکیورٹی اخراجات کی ادائیگی کے تنازع پر آمنے سامنے آگئے۔

پی سی بی نے دو ٹوک اعلان کیا کہ 2019 سے سیکیورٹی کی مد میں نہ پیسے دیے ہیں اور نہ دیں گے۔

دوسری طرف نگراں حکومت نے صاف انکار کیا اور کہا کہ حکومت کے پاس پیسے نہیں، پی سی بی کو یہ اخراجات خود کرنا ہوں گے۔

اس تنازع پر چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے وزیر اعظم سے رابطہ کیا اور کہا کہ قومی ایونٹ کا انعقاد قومی اداروں کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت پیسوں کے مطالبے سے دستبردار نہ ہوئی تو میچز کراچی میں کروانے پر مجبور ہوں گے۔

اس پر وزیراعظم شہباز شریف نے نجم سیٹھی کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.