پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیون کا دوسرا مرحلہ لاہور میں شروع ہوگیا، ٹریفک کنٹرول اور سیکیورٹی پر مامور ڈی ایس پی نے موٹر سائیکل سوار کو تھپڑ ماردیا۔
لاہور میں پی ایس ایل میچ شروع ہونے سے قبل ٹریفک بلاک کرنے پر پولیس اور شہریوں کا ٹاکرا ہوگیا، موٹر سائیکل آگے بڑھانے پر ڈی ایس پی نے نوجوان کو تھپڑ جڑ دیا۔
پی ایس ایل سیون شروع ہوتے ہی ہر طرف کرکٹ کی بہار آگئی لیکن میچ شروع ہونے سے قبل ہی سڑکوں پر جگہ جگہ بیریئر، رکاوٹیں، ٹریفک کی لمبی لائینوں کے باعث شہری ذہنی دباؤ کا شکار ہوگئے۔
قذافی اسٹیڈیم کے باہر ڈی ایس پی گلبرگ عامر عباس نے موٹر سائیکل سوار کو تھپڑ مار دیا، اُس کا قصور یہ تھا کہ کافی دیر ٹریفک میں پھنسے رہنے کے بعد غلط لین میں چلا گیا تھا۔ عینی شاہدین کے مطابق پولیس نے اسپورٹس بورڈ کے ملازمین پر بھی تشدد کیا۔
ٹریفک پولیس نے ایڈوائزری پلان میں 9 سے 11 منٹ ٹریفک بند رکھنے کا اعلان کیا تھا، لیکن مال روڈ ،کینال روڈ، جیل روڈ، گلبرگ مین بلیوارڈ اور کلمہ چوک سے اچھرہ پل تک گھنٹوں پہلے ٹریفک بند کر دی گئی، گاڑیوں کی لمبی لائنیں شہریوں کے لئے وبال بن گئیں۔
آئی جی پنجاب راؤ سردار علی نے ڈی ایس پی گلبرگ کے شہری سے رویے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او سے رپورٹ طلب کرلی۔
Comments are closed.