کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سینئر آل راؤنڈر محمد حفیظ نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) بہترین برانڈ ہے، یہاں پرفارمنس دینے کا مزہ آتا ہے۔
کراچی میں جیو نیوز سے گفتگو میں محمد حفیظ نے کہا کہ پی ایس ایل آسان لیگ نہیں، یہاں پوری تیاری کے ساتھ آنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کنگز سے جس طرح کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے میچ جیتا، اُس سے ٹیم کو اعتماد ملا ہے، ہمیں جیت کا ایک مومینٹم درکار تھا جو مل چکا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سینئر آل راؤنڈر نے مزید کہا کہ جیت کر ہمیشہ اعتماد ملتا ہے، اس ہی اعتماد کو آگے کے میچز میں برقرار رکھنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نسیم شاہ اور محمد حسنین نے آخری لمحات میں کافی زبردست بولنگ کی، پی ایس ایل میں کافی سخت کرکٹ ہوتی ہے۔
محمد حفیظ نے یہ بھی کہا کہ صائم ایوب کو 2 سال سے دیکھ رہا ہوں، اس نے مجھے کافی متاثر کیا ہے، میری نظر میں وہ پاکستان کے لیے بہترین پراڈکٹ بن سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ احسان اللّٰہ نے بھی پرفارم کرنے کا جذبہ دکھایا ہے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے واحد بنگلزئی میں بھی اچھے پلیئرز کی صلاحیتیں ہیں۔
سینئر آل راؤنڈر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کہا کہ غیر ملکی کھلاڑیوں کی پرفارمنس اپنی جگہ مگر اہم کارکردگی لوکل پلیئرز کی ہونی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس بہترین اوورسیز پلیئرز ہیں مگر پاکستانی کھلاڑیوں کو نمایاں ہونا پڑے گا۔
محمد حفیظ نے کہا کہ اگر ٹیم کے پاکستانی پلیئرز پرفارم کرتے ہیں تو جیت کے چانسز زیادہ ہوتے ہیں۔ سرفراز کی کپتانی کے ہنر کا ہر کوئی معترف ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لوکل پلیئرز کافی زبردست ہیں، کامبی نیشن اچھا ہے، اہم یہ ہے کہ ہم اچھے یونٹ کی طرح آگے جائیں۔
محمد حفیظ نے کہا کہ پشاور اور کوئٹہ کا میچ ہمیشہ ہی سنسنی خیز رہا ہے، پی ایس ایل کی تاریخ میں آخری گیند پر سب سے زیادہ ان دو ٹیموں کا میچ ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں ٹیموں کے ذہن میں ہوگا کہ ایک دوسرے سے ہمیشہ تگڑا میچ کھیلتے ہیں، ہمیں اعتماد ہوگا کہ ہم یہاں کی کنڈیشن میں ایک میچ جیت کر میدان میں اتر رہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سینئر آل راؤنڈر نے مزید کہا کہ میرے لیے اہم ہے کہ کارکردگی سے سلیکشن کو جسٹیفائی کروں، یہ بھی چاہتا ہوں کہ تجربے سے دوسروں کو مستفید کروں۔
انہوں نے کہا کہ فیلڈ میں اپنی کارکردگی اور فیلڈ سے باہر نوجوان پلیئرز کو وقت دینا اہم ہے، انٹرنیشنل کرکٹ میں کامیابی کےلیے ضروری ہے کہ دوسروں کا تجربہ دیکھیں۔
محمد حفیظ نے کہا کہ اپنے حریف کو عزت دینا کافی اہم ہے، ہمیں ایک دوسرے کے خلاف کرکٹ میں مقابلہ کرنا ہے، الفاظ کا نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جب تک آپ ساتھی کرکٹرز کو عزت نہیں دیں گے، آپ کو عزت نہیں ملے گی۔
Comments are closed.