
وفاقی حکومت نے پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کےلیے 100 ارب روپے کی گارنٹی دسمبر 2024ء تک بڑھانے کی منظوری دے دی۔
نگراں وزیر خزانہ شمشاد اختر کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس ہوا، جس میں ملکی معیشت کی بہتری سے متعلق بڑے فیصلے کیے گئے۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں پی ایس او کے لیے 100 ارب روپے کی حکومتی گارنٹی دسمبر 2024ء تک بڑھانے کی منظوری دی گئی۔
ای سی سی اجلاس اعلامیے کے مطابق کےالیکٹرک کی سہ ماہی یونیفارم ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کو دیگر ڈسکوز کے برابر کرنے کے معاملے پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کےالیکٹرک سے ایڈجسٹمنٹ کی وصولی نیپرا کو جاری گائیڈلائنز کے تحت کی جائے گی، پہلی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کراچی کے صارفین سے دسمبر تا فروری 2024ء کے دوران وصول کی جائے گی۔
اعلامیے کے مطابق ڈسکوز صارفین سے دوسری سہ ماہی کےلیے 46 پیسے فی یونٹ وصولی کےالیکٹرک صارفین سے بھی لی جائے گی۔
دوران اجلاس ای سی سی نے وزارت داخلہ کےلیے 4 کروڑ 75 لاکھ روپے کی ضمنی تکنیکی گرانٹ جاری کرنے کی منظوری دے دی۔
Comments are closed.