جمعہ 19؍ربیع الاول 1445ھ6؍اکتوبر 2023ء

پی آئی اے کے شیئرز کی قیمت متاثر، PSX نے وضاحت طلب کرلی

پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کے شیئرز متاثر ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

اس حوالے سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے پی آئی اے کو خط لکھ کر فوری وضاحت مانگی ہے۔

پی آئی اے سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے 2 سوالات کے جواب مانگے ہیں، پہلا سوال یہ کہ پی آئی اے تنظیمِ نو کے منصوبے پر تیزی سے کام کی خبروں کی فوری وضاحت کرے۔ 

دوسرا سوال یہ ہے کہ پی آئی اے نے نجکاری کے لیے ہونے والی پیشرفت سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو کیوں آگاہ نہیں کیا؟

پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے پی آئی اے کے شیئرز کی قیمتوں میں نمایاں تبدیلی کے بارے میں سیکریٹری پی آئی اے کے نام 25 ستمبر کو خط لکھا۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا کہنا ہے کہ تنظیمِ نو تیز ہونے کی خبروں سے قومی ایئر لائن کے شیئرز اور حجم میں تیزی سے تبدیلی دیکھی گئی ہے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے مطابق پی آئی اے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی ریگولیشن کی روشنی میں اس غیر معمولی نقل و حرکت کے حوالے سے فوری طور پر اپ ڈیٹ کرنے کا پابند ہے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پی آئی اے تنظیم نو کے تیز ہونے کی خبروں کی فوری طور پر تردید یا تصدیق کرے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے مطابق لسٹڈ کمپنی کے حوالے سے ایسی حساس معلومات ہوں جس سے شیئرز کی قیمت متاثر ہونے کا امکان ہو تو اسٹاک مارکیٹ کے تمام شرکاء تک معاملے کی وضاحت کرنا ضروری ہے۔ 

پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا کہنا ہے کہ سیکریٹری کمپنی کو چاہیے کہ پی آئی اے کی نجکاری سے متعلق وضاحت پیش کرے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.