قومی ایئر لائن کی بین الاقوامی پروازوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہوا ہے خاص طور پر سعودی عرب سے آنے والے عمرہ زائرین 12 گھنٹے سے زائد وقت ایئرپورٹس پر گزارنے کی وجہ سے شدید تکلیف سے دوچار ہیں۔
ذرائع کے مطابق جدہ سے اسلام آباد کیلئے پی آئی اے کی پرواز میں 9 گھنٹے سے زائد کی تاخیر ہوئی۔ پرواز پی کے 760 نے جدہ سے اسلام آباد کیلئے دوپہر 12 بجے روانہ ہونا تھا۔
ایئرپورٹ شیڈول کے مطابق پرواز مقامی وقت کے مطابق رات 9 بجکر 11 منٹ پر روانہ ہوئی، مسافر ایئرپورٹ پر منتظر رہے۔ پرواز نے شام 7 بجے اسلام آباد پہنچنا تھا اب طیارہ صبح ساڑھے 3 بجے صبح لینڈ کرے گا۔
جدہ سے لاہور کے لیے پرواز پی کے 762 کی روانگی میں پانچ گھنٹے کی تاخیر رپورٹ ہوئی۔ جدہ سے لاہور کیلئے دوسری پرواز پی کے 742 کی روانگی میں ساڑھے 4 گھنٹے کی تاخیر ہوئی۔ ریاض سے لاہور کے لیے پی کے 726 کی روانگی میں 4 گھنٹہ 20 منٹ کی تاخیر ہوئی۔ شارجہ سے لاہور کے لیے پی کے 186 کی روانگی میں 5 گھنٹے 27 منٹ کی تاخیر ہوئی۔
اسی طرح ٹورنٹو سے لاہور کے لیے پی کے 798 کی روانگی میں دو گھنٹے کی تاخیر ہوئی۔مدینہ سے کراچی کے لیے پی کے 744 کی روانگی میں 10 گھنٹے کی تاخیر ہوئی۔ کوئٹہ سے کراچی کی پرواز پی کے 311 کی روانگی میں ساڑھے تین گھنٹے کی تاخیر رپورٹ ہوئی۔ دبئی سے کراچی کے لیے پی کے 714 دو گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی۔ پی آئی اے کی مدینہ سے لاہور کی پرواز میں بھی ساڑھے 5 گھنٹے کی تاخیر ہوئی۔
علاوہ ازیں پرواز پی کے 714 نے مقامی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بجکر 35 منٹ پر روانہ ہونا تھا۔ بوئنگ 777 طیارے نے مقامی وقت کے مطابق رات 9 بجے لاہور کیلئے ٹیک آف کیا۔ پرواز صبح 3 بجکر 9 منٹ پر علامہ اقبال ایئرپورٹ لاہور پہنچے گی۔
پی آئی اے ذرائع کے مطابق لاہور سے کراچی کیلئے پی آئی اے کی پرواز کی روانگی میں ساڑھے 4 گھنٹے کی تاخیر ہوئی۔ پرواز پی کے 307 نے کراچی کیلئے شام ساڑھے 7 بجے روانہ ہونا تھا۔ ایئرپورٹ شیڈول کے مطابق رات 12 بجکر 19 پر روانہ ہوئی۔
Comments are closed.