پاکستان کی قومی ایئر لائن (پی آئی اے) میں انتہائی ضروری 210 اسامیوں پر بھرتی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کی اجازت سے 5 سال کے وقفے سے ایک سالہ قابل توسیع کنٹریکٹ پر 210 آسامیاں پُر کی جارہی ہیں۔
نئی بھرتیوں کے لیے موزوں امیدواروں سے 25 ستمبر تک درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔ پی آئی اے میں پائلٹس کی آخری بھرتی 2016 اور فضائی میزبانوں کی آخری بھرتی 2017 میں کی گئی تھی۔
2017 میں بھرتی کردہ 60 فضائی میزبانوں کے بیج کو ایک سال کا کنٹریکٹ مکمل ہونے کے بعد فارغ کر دیا گیا تھا۔ سپریم کورٹ کی ملازمتوں پر پابندی کے تناظر میں فضائی میزبانوں کے کنٹریکٹ میں توسیع نہیں کی گئی تھی۔
اے ٹی آر طیاروں کیلئے 10 پائلٹس کی آسامیوں کیلئے انٹرمیڈیٹ کے ساتھ متعلقہ پیشہ وارانہ قابلیت کا ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ 40 فضائی میزبانوں کی آسامیوں کے لیے کم از کم تعلیمی قابلیت گریجویشن مقرر کی گئی ہے۔
آئی ٹی شعبے میں پے گروپ 6 تا 8 کی 16 آسامیوں پر بھی بھرتیاں کی جارہی ہیں، سینئر سسٹم ایڈمنسٹریٹر تا منیجر سطح کے لیے متعلقہ تعلیمی اور پیشہ وارانہ قابلیت ضروری قرار دی گئی ہے۔
ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ نئی تعیناتیوں سے پی آئی اے آپریشن کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
Comments are closed.