جمعہ 28؍صفر المظفر 1445ھ15؍ستمبر 2023ء

پی آئی اے فلائٹ آپریشن کو بندش کا کوئی خطرہ نہیں، ترجمان قومی ایئرلائن

پی آئی اے انتظامیہ ایئر لائن کیلئے 18 ارب روپے کے فنڈز حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی ہے، پی آئی اے فلائٹ آپریشن کو بندش کا اب کوئی خطرہ نہیں۔

قومی ایئرلائن کے مالی حالات سے متعلق پی آئی اے ترجمان نے اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔

پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کا مالی بحران وجہ ہے یا انتظامی معاملات ہیں کہ پی آئی اے کی 7 اندرونِ ملک پروازیں منسوخ کر دی گئیں جبکہ متعدد پروازوں کی آمد و رفت میں رد و بدل کیا گیا ہے۔

پی آئی اے کے ترجمان عبداللّٰہ خان نے جیو نیوز کو بتایا کہ دو بینکوں سے پی آئی اے کو 18 ارب روپے کا قرضہ مل گیا ہے اور اس رقم سے تمام ضروری ادائیگیاں کر دی گئی ہے۔

ایک بیان میں ترجمان نے کہا ہے کہ پی آئی اے انتہائی ضروری ملکی اور بین الاقوامی ادائیگیاں کررہا ہے اور آج تمام ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی بھی کر دی گئی ہے۔ پی آئی اے کا آپریشن تسلسل سے جاری ہے اور پروازیں آپریٹ ہو رہی ہیں۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ قومی ایئرلائن مضبوط بنیادوں پر قائم ہے اور مشکل حالات سے مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ پی آئی اے کا دنیا بھر میں مضبوط نیٹ ورک موجود ہے اور پی آئی اے کے پاس بین الاقوامی اور اندرون ملک پروازوں کے لئے مناسب تعداد میں طیارے موجود ہیں جن کے ذریعے فضائی آپریشن جاری ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.