اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری کی سیاسی مہارت اور بلاول بھٹو زرداری کی سیاسی ذہانت کے سبب پیپلز پارٹی نہ صرف سندھ بلکہ وفاق میں بھی حکومت قائم کرے گی۔
یہ بات آغا سراج درانی نے جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنی محنت اور لگن سے بہت کم عرصے میں پوری دنیا میں اپنا ایک مقام بنایا ہے، آج عالمی لیڈر بلاول بھٹو زرداری کی سیاست اور ذہانت کی تعریف کرتے نظر آتے ہیں۔
آغا سراج درانی نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ سندھ اور کراچی کے عوام نے بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی کو واضح فتح دلوائی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ محترمہ بےنظیر بھٹو نے بلاول بھٹو کی شاندار تربیت کی ہے جس کے سبب ایک طرف وہ بہترین سیاست کرتے نظر آتے ہیں تو دوسری جانب نرم دلی اور سینئر کارکنوں اور رہنماؤں کا بہت ادب کرتے ہیں۔
آغا سراج درانی نے کہا کہ اسپیکر سندھ اسمبلی اور پیپلز پارٹی کا مرکزی رہنما ہونے کے باوجود کہیں نہ کہیں ان کے ساتھ ریاستی سطح پر زیادتی جاری ہے جس کے سبب کوئی الزام ثابت ہوئے بغیر قید ہیں اور ضمانت بھی نہیں دی جا رہی۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے ساتھ ہونے والی زیادتی پر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری بھی فکرمند ہیں تاہم انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ صبر کے ساتھ اس مشکل وقت کو گزاریں گے اور کسی بھی حال میں پیپلز پارٹی کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے۔
Comments are closed.