امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور اُس کے اتحادی کراچی سے دشمنی کر رہے ہیں۔
جماعت اسلامی کی ناظم آباد بچاؤ تحریک کے سلسلے میں لنڈی کوتل چورنگی پر احتجاج مظاہرہ کیا گیا، جس میں خواتین اور بچوں نے بھی شرکت کی۔
حافظ نعیم الرحمان نے ٹھیکیداروں کے گراؤنڈ پر قبضے کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کیا اور کہا کہ شہر قائد سے سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مختلف بہانے بنا کر بلدیاتی الیکشن ملتوی کیا جاتا ہے، کراچی کو ظالموں کے ہاتھوں مزید برباد نہیں ہونے دیں گے۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ شپ اونر کالج پر بھی قبضہ کرلیا گیا، ہمارے ٹیکسوں کے پیسے میں کرپشن ہو رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ترقیاتی کام کرنے کے نام پر شہر بھر میں 80 فیصد کرپشن جاری ہے، دو نمبر ٹھیکیداروں کے نام پر لوٹ مار ہو رہی ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے یہ بھی کہا کہ کرشنگ پلانٹ لگا کر عوام کی جانوں سے کھیلا جارہا ہے، تمام کرشنگ پوائنٹس ختم کیے جائیں اور انہیں دوسری جگہ پر منتقل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ کرشنگ پوائنٹس ختم کیا دوسری جگہ منتقل نہ ہوئے تو احتجاج کا دائرہ بڑھائیں گے اور عدالت کا دروازہ بھی کھٹکھٹائیں گے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور اس کے اتحادی کراچی دشمنی کر رہے ہیں، جنہیں ووٹ دیے، انہوں نے بھی مسائل کے حل میں کوئی کردار ادا نہیں کیا۔
Comments are closed.