پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین (پی پی پی پی) کی ترجمان اور رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اب مزید انتظار نہیں کرسکتی ہے۔ پی پی کی قیادت 27 فروری کو لانگ مارچ کا آغاز کرے گی، جو مزار قائد سے شروع ہوگا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں شازیہ مری نے کہا کہ کراچی سے نکلیں گے، اسلام آباد پہنچ کر کیا ہوگا یہ آنے والے وقت میں بتائیں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان کا ٹولہ لوگوں کو گالیاں دینے کے لے پریس کانفرنس کرتا ہے، عمران خان کہتے ہیں چیئرمین نیب پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں نہیں جائیں گے۔
پی پی ترجمان نے یہ بھی کہا کہ خاتون جج کی سپریم کورٹ میں بطور جج نامزدگی، خوش آیند ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوشش کرنی چاہیے کہ ملک میں جمہوریت مضبوط ہو، ملک میں آئینی اور جمہوری نظام کو جھٹکے نہیں لگنے چاہئیں۔
پی پی ترجمان نے کہا کہ منی بجٹ کے خلاف ایوان اور سڑک دونوں جگہ احتجاج کریں گے، بلاول بھٹو آج بھی کہتے ہیں اپوزیشن جماعتوں کو مل کر کام کرنا چاہیے۔
شازیہ مری نے کہا کہ عمران خان خود فرماتے ہیں مجھے امپائر کی انگلی لے کر آئی ہے جبکہ ہمارے پیچھے عوام کی طاقت ہے اور ہم عوام کی طاقت سے ہی آئیں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہمارے وزیراعظم کے امیدوار بلاول بھٹو زرداری ہیں، پاکستان اس وقت خطرے سے نکلے گا، جب عمران خان اپنے گھر جائیں گے۔
پی پی پارلیمنٹرین کی ترجمان نے کہا کہ وزیر دفاع پرویز خٹک نے سابق صدر آصف زرداری کے خلاف گھٹیا باتیں کیں، جن کی مذمت کرتے ہیں، ان کو بتانا چاہتی ہوں اب یہ عمران خان کو برینڈ بنا کر نہیں بیچ سکیں گے۔
Comments are closed.