بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

پیٹرول پمپس بند،حکام خاموش، شہری دھکے کھانے پر مجبور  

ملک کے مختلف شہروں میں پیٹرول پمپس بند ہونے کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔اگرچہ بعض مقامات پر اکا دکا پمس کھلے ہیں تاہم مجموعی طور پر کراچی ،لاہور ،راولپنڈی ،اسلام آباد سمیت ملک کے بیشتر شہروں میں پیٹرولیم ڈیلر ایسوسی ایشن کی کال پر ہڑتال جاری ہے 

پی ایس او اور شیل کمپنی نے ملک کے مختلف علاقوں میں کھلے ہوئے پمپس کی ایک فہرست بھی جاری کی ہے .

شہر کے جن علاقوں میں اکا دکا پمپس کھلے ہیں وہاں گاڑیوں کی لمبی قطاریں ہیں جب کہ شہری گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے علاوہ بوتلوں میں بھی پیٹرول لے جارہے ہیں۔

 پمپس بند ہونے کی وجہ سے پبلک ٹرانسپورٹ بھی متاثر  ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی بیشتر پیٹرول پمپس بند ہیں جس کی وجہ سے شہری پیٹرول کے لیے مارے مارے پھررہے ہیں۔

ادھر پنجاب میں لاہور، سرگودھا، گوجرانوالہ، فیصل آباد، پشاور اور دیگر شہروں میں بھی ڈیلرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال کی کال پر پمپس بند ہیں.واضح رہے کہ پمپس مالکان نے ڈیلرز کمیشن 6 فیصد تک کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

سرگودھا میں پمپس بند ہونے کی وجہ سے ناجائز منافع خوروں نے پیٹرول کے من پسند ریٹ وصول کرنا شروع کر دیے ہیں۔ سیکرٹری پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہےکہ حکومت نے مطالبات تسلیم نہیں کیے اور جب تک ڈیلرمارجن 6 فیصد نہیں کیا جاتا مذاکرات نہیں ہوں گے۔ ڈیلرز نے کہا کہ حکومت نے مطالبات تسلیم کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی لیکن حکومت اپنے وعدے سے مکر گئی اور اب تک دوبارہ کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔

پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے سیکرٹری انفارمیشن خواجہ عاطف نے کہا کہ ہم نے 5 تاریخ کو ہڑتال کا اعلان کیا تھا، یقین دہانی پر ہڑتال مؤخر کی لیکن حکومت نے بیک آؤٹ کیا .خواجہ عاطف نے مزید کہا کہ منافعے کے موجودہ مارجن میں ہمارے لیے کاروبار کرنا مشکل ہوگیا ہے، ہمارا اتنا تو حق ہےکہ پلّے سے کھانےکی بجائے کاروبار ہی بند کردیں۔

دریں اثنا ایسوسی ایشن کے سیکرٹری انفارمیشن نے لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران  کہا کہ سارا پاکستان  پیٹرولیم ایسوسی ایشن نے چلانے کا تو ٹھیکہ نہیں لیا، انہوں نے کہا کہ جب تک ہمارے مطالبات پورے نہیں ہوتے کاروبار  شروع نہیں کریں گے، ہم چاہتےہیں کہ لائسنس کینسل کریں، ہماری 80 فیصد کمیونٹی یہ بزنس نہیں کرناچاہتی۔

اس موقع پر پیٹرول پمپس ایسوسی ایشن کے رہنما نے بتایا کہ تمام ایسوسی ایشنز  ہڑتال پر متفق ہیں۔

You might also like

Comments are closed.