پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سینئر رہنما اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی نے پیٹرول مد میں بچت کے حکومتی اعلان کو سیاسی شعبدہ بازی قرار دیدیا۔
ق لیگی سینیٹر کامل علی آغا سے ملاقات میں چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ پیٹرول، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں بےتحاشا اضافہ عوام کے لیے پریشانی کا باعث ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کا پیٹرول کی مد میں بچت کا اعلان صرف سیاسی شعبدہ بازی ہے۔
ق لیگی رہنما نے مزید کہا کہ حکومت کے بچت کے اعلان سے عام آدمی کی زندگی پر کوئی مثبت اثر نہیں پڑے گا۔
انہوں نے استفسار کیا کہ کیا حکومت کے اس اقدام سے عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمتیں کم ہوجائیں گی؟
چوہدری پرویز الہٰی نے یہ بھی کہا کہ سرکاری پیٹرول کے پیسے ان کرپٹ حکمرانوں کی جیب میں جائیں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ سیاسی شہرت کے لیے ایسے ڈراموں کی بجائے عوام کی زندگی کو آسان بنائیں۔
ق لیگی رہنما نے کہا کہ پاکستان کی 74 سال کی تاریخ میں اتنا ہوشربا اضافہ نہیں دیکھا، موجودہ حکومت کے فیصلے معیشت اور عوام کو لے ڈوبیں گے۔
Comments are closed.