اسلام آباد: قومی اسمبلی نے پیٹرولیم مصنوعات پر 50 روپے فی لیٹر لیوی عائد کرنے کی منظوری دے دی۔
اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیرصدارت قومی اسمبلی کے اجلاس میں فنانس بل 2022- 23 کی منظوری کی تحریک پیش کی گئی، جس کے بعد فنانس بل 2022 کی شقوں کی مرحلہ وار منظوری کا عمل شروع ہوا۔
وزیرمملکت برائے خزانہ عائشہ غوث نے پیٹرولیم مصنوعات پر50 روپے فی لیٹر لیوی عائد کرنے کی ترمیم پیش کی۔ ایوان نے آئندہ مالی سال کے دوران پیٹرولیم مصنوعات 50 روپے فی لیٹر پٹرولیم لیوی عائد کرنے کی ترمیم منظورکرلی۔
عائشہ غوث کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے کہنے پر فنانس بل میں تبدیلی نہیں کی گئی۔اسی فیصد ترامیم براہ راست ٹیکسوں سے متعلق کی گئی ہیں۔ ہمارا مقصد امیر پر ٹیکس لگانا اور غریب کو ریلیف دینا ہے۔
وزیرمملکت کا مزید کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے جو گذشتہ حکومت معاہدہ کرکے گئی اس پر ہی عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔ہم ایسے ٹیکس لائے ہیں جو صاحب ثروت لوگوں پر لگیں۔ہم صرف اپنی کمٹمنٹس کو آنر کررہے ہیں۔
وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ اس وقت لیوی صفرہے، پچاس روپے فی لیٹر لیوی یکمشت عائد نہیں کی جائے گی، اسے مرحلہ وار عائد کیا جائے گا۔
Comments are closed.