نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑنے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے فوائد عوام تک پہنچائے جائیں، ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔
نگراں وزیراعظم کی زیرصدارت اسلام آباد میں اجلاس ہوا، جس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اثرات عوام تک پہنچانے کے امور کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں نگراں وفاقی وزراء مرتضیٰ سولنگی، گوہر اعجاز، سمیع سعید و دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس میں پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا کے نگراں وزرائے اعلیٰ نے بھی شرکت کی جبکہ چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے ویڈیو لنک پر اجلاس میں شریک ہوئے۔
اجلاس کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے نتائج پر بریفنگ دینے کے ساتھ اسمگلنگ و بجلی چوری کے خلاف آپریشن کے نتائج کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی سے مہنگائی کی شرح میں 1.7 فیصد کمی ہوئی۔
نگراں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے فوائد عام آدمی تک پہنچائے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔
نگراں وزیراعظم نے کہا کہ بجلی چوری کی روک تھام اور اسمگلنگ کے خلاف آپریشن سے عام صارف کو فائدہ ہوا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اسمگلنگ و بجلی چوروں سے کوئی رعایت نہ برتی جائے۔
وزیراعظم نے کہا انسداد اسمگلنگ آپریشن کا براہ راست فائدہ عوام کو ہو رہا ہے۔ بلوچستان میں گندم کی قیمت میں 18 اور چینی کی قیمت میں اوسطاً 16 فیصد کمی خوش آئند ہے۔
بریفنگ میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ انتظامیہ کی کوششوں سے قومی سطح پر 24 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے۔ اجناس، بجلی، کرایوں اور صنعتی پیداوار کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
بریفنگ کے مطابق قیمتوں کی مانیٹرنگ اور فیصلہ سازی کیلئے قومی ادارہ شماریات کی ایپ کا استعمال کیا جا رہا ہے۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ چاروں صوبوں میں سفری کرایوں میں اوسطاً 10 فیصد کمی ہوئی ہے۔ ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف آپریشن کیا جا رہا ہے۔
Comments are closed.