پیر7؍ذوالحجہ 1444ھ26؍جون 2023ء

پیوٹن کا خانہ جنگی نہ کرنے پر ویگنر گروپ کا شکریہ

روس کے صدر ولادیمر پیوٹن نے خانہ جنگی نہ کرنے پر نجی ملیشیا ویگنر گروپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ویگنر گروپ کو اندھیرے میں رکھ کر اپنے ہی مسلح بھائیوں کیخلاف استعمال کرنے کی کوشش کی گئی۔ 

قوم سے خطاب کرتے ہوئے ولادیمیر پیوٹن نے کہا کہ اس لیے انہوں نے شروع میں ہی براہ راست احکامات دیدیے تھے کہ خونریزی سے اجتناب برتا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ویگنر گروپ میں شامل اہلکار وزارت دفاع یا کسی اور ادارے میں شامل ہوجائیں یا ملازمت چھوڑ دیں، جو بیلا روس جانا چاہتا ہے اسے ملک چھوڑنے کی اجازت ہوگی۔

صدر پیوٹن نے مزید کہا کہ ویگنر گروپ کے زیادہ تر کمانڈر اور فائٹرز روسی محب وطن ہیں، ویگنر گروپ نے میدان جنگ میں جرأت دکھائی اور ڈونباس کو آزاد کرایا۔

روسی صدر کا کہنا تھا کہ بغاوت کرنے والوں نے ملک کو دھوکا دیا، بھائی کے ہاتھوں بھائی کا خون بہانے کی سازش وہی عمل تھا جو یوکرین میں روس کے دشمن اور ان کے مغربی سرپرست چاہتے تھے کہ بالآخر روس کو شکست ہو اور معاشرہ تقسیم ہوجائے اور خانہ جنگی ہوجائے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.