منگل 20؍محرم الحرام 1445ھ 8؍اگست 2023ء

پیمرا ترمیمی بل 2023 کی منظوری کے معاملے پر حکومت سے بات کروں گا، چیئرمین سینیٹ

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پیمرا ترمیمی بل 2023 کی منظوری کے معاملے پر حکومت سے بات کروں گا۔

اسلام آباد میں پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کے وفد نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے ملاقات کی جس میں پیمرا ترمیمی بل 2023 واپس لینے کے حکومتی فیصلے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا۔

وفد کی قیادت پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کے صدر صدیق ساجد نے کی جس میں سابق صدر پی آر اے بہزاد سلیمی، سابق سیکرٹری جنرل ایم بی سومرو اور دیگر شامل تھے۔

پی آر اے وفد کی جانب سے کہا گیا کہ پیمرا ترمیمی بل کی واپسی سے صحافی کارکنان کی امیدوں کا خون کیا گیا ہے، چیئرمین سینیٹ پیمرا ترمیمی بل 2023 کی منظوری کے لیے کردار ادا کریں۔

پی آر اے وفد نے کہا کہ اگر حکومت آفیشل سیکرٹ ایکٹ منظور کر سکتی ہے تو پیمرا ترمیمی بل کیوں نہیں، حکومت اپنے اقدام پر فوری نظرثانی کرے اورسینیٹ سے کل بل کو منظور کیا جائے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.