بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

پیرکوہ میں ہیضے کی وبا کیسے پھیلی؟ وجہ سامنے آگئی

بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی کے علاقے پیرکوہ میں ہیضے کی وبا پھوٹنے کی وجہ سامنے آگئی۔ 

وزیرِاعظم شہباز شریف کو حکومت بلوچستان کی طرف سے اس حوالے سے حتمی بھی رپورٹ پیش کردی گئی۔

 رپورٹ میں بتایا گیا کہ پتھر کے نالے کے قدرتی چشمے سے پانی کے استعمال سے وبا پھیلی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ وبا کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے قدرتی چشمے پر انتظامات کیے گئے۔ پانی کی کلورینیشن کے بعد پینے کے علاوہ استعمال کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ 

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ صوبائی حکومت نے فوری طور پر دواؤں کی فراہمی کے لیے فنڈز فراہم کیے۔ پیر کوہ میں ہنگامی بنیادوں پر 2 میڈیکل کیمپ کے قیام کے علاوہ بی ایچ یو پیر کوہ کو 20 بستروں کا اسپتال بنایا گیا، جہاں کوئٹہ سے 24  ڈاکٹروں  اور 32 پیرا میڈیکل اسٹاف کے عملے کو پیرکوہ میں تعینات کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق پیر کوہ اور ڈیرہ بگٹی میں لیبارٹریز قائم کی گئیں، اس کے علاوہ مقامی انتظامیہ کی موجودگی یقینی بنانے کے ساتھ گھر گھر آگاہی کے لیے ٹیمیں بنادی گئیں۔ 

دریں اثنا وبا پر قابو کے لیے آپریشن کی نگرانی کے لیے وفاقی وزیر شاہ زین بگٹی، چیف سیکریٹری بلوچستان و حکام موجود رہے۔ 

رپورٹ کے متن میں مزید بتایا گیا کہ کنٹری ڈائریکٹر ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن ڈاکٹر پلیتھا نے بھی ڈیرہ بگٹی کا دورہ کیا جبکہ صاف پانی کی فراہمی کے لیے فوری طور پر ایک کروڑ روپے فراہم کیے گئے۔ پی ڈی ایم اے کی طرف سے 4000 گیلن صاف پانی ذخیرہ کرنے کے لیے ٹینک فراہم کیے گئے۔ 

رپورٹ کے مطابق پیرکوہ زینکوہ میں واٹر سپلائی اسکیموں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں، متاثرہ افراد کو فوری طور پر طبی امداد کے ساتھ ساتھ صاف پانی، کھانے پینے کی اشیاء فراہم کی گئیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ڈبلیو ایچ او کی طرف سے ایک ایمبیولینس، ادویات اور ایک 12 بستروں پر مشتمل اسپتال فراہم کیا گیا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.