جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

پیرس: سفارت خانہ پاکستان میں کرسمس ڈنر، بڑی تعداد میں کمیونٹی کی شرکت

پیرس میں سفارت خانہ پاکستان میں کرسمس ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع فرانس میں پاکستان کے سفیر عاصم افتخار احمد نے مہمانوں کا استقبال کیا اور تقریب میں شریک ہونے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ 

انہوں نے کہا کہ کرسمس خوشی اور ایکدوسرے کو یاد کرنے کا وقت ہے اور دنیا بھر میں ہر ایک کے لیے امن رواداری اور ہمدردی کا پیغام ہے۔

سفیر نے مزید کہا کہ اسلام امن کا پیغام دیتا ہے اور ہمارے نبی محمد صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی آفاقی تعلیمات اسی کی عکاسی کرتی ہیں۔ 

انہوں نے کہا ہم  بنیادی حقوق اور تمام پاکستانیوں کے لیے مساوی شہری ہونے کے مواقع کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں، جو کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے وژن کے مطابق ہے۔

سفیر پاکستان نے بیرون ملک مقیم پاکستانی مسیحی برادری کے تعاون کو سراہا اور کہا کہ وہ پاکستانی تارکین وطن کا اہم حصہ ہیں۔ مسیحی برادری نے 1947 میں پاکستان کے قیام اور اس کے بعد ہمیشہ قومی تعمیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، وہ ہمارے کثیر الثقافتی معاشرے کا لازمی حصہ اور اٹوٹ انگ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے حال ہی میں فلپائن اور پاکستان کی طرف سے مشترکہ طور پر پیش کی گئی روایتی قرارداد کو متفقہ طور پر منظور کیا ہے جس میں ’امن کے لیے بین المذاہب اور بین ثقافتی مکالمے، افہام و تفہیم اور تعاون کو فروغ دینا‘ تھا۔

کرسمس ڈنر میں فرانسیسی دوستوں اور انکے اہل خانہ، پاکستانی مسیحی برادری، سفارت کاروں اور تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر مہمانوں کی تواضع روایتی پاکستانی کھانوں سے کی گئی، کرسمس تقریب میں سفارت خانے کے افسران اور عملے نے بھی شرکت کی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.