اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے پیراسٹامول کی قیمت میں اضافہ اور 20 ادویات کی قیمتوں میں کمی لانے کی منظوری دے دی۔
وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی سربراہی میں ای سی سی اجلاس ہوا، جس میں کئی بڑے فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں بجلی کے بڑے صارفین سے 76 ارب روپے وصول کرنے اور ان پر ایک روپیہ فی یونٹ سرچارج عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
ای سی سی نے آئی ایم ایف کی ہدایت کی روشنی میں گردشی قرض کم کرنے کے منصوبے کی منظوری دے دی۔
وزارت خزانہ کی طرف سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ای سی سی نے 500 ملی گرام پیراسٹامول کی قیمت 2 روپے60 پیسے اور پیراسٹامول ایکسٹرا کی 500 ملی گرام کی قیمت 3 روپے 30 پیسے فی گولی مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اجلاس میں 20 ادویات کے ریٹ کم کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔
ای سی سی اجلاس میں بجلی کے بڑے صارفین سے 76 ارب روپے وصول کرنے کے فیصلے کے ساتھ ہی بجلی کے بڑے صارفین پر 1 روپیہ فی یونٹ سرچارج عائد ہوگا، جو رواں سال مارچ میں عائد ہو گا اور جون تک وصول کیا جائے گا۔
ای سی سی اعلامیے کے مطابق سرچارج کا اطلاق کےالیکٹرک کے صارفین پر بھی ہوگا۔
اعلامیے کے مطابق سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لیے 10 ارب سے زائد کے بجلی کے بل معاف کرنے اور ان علاقوں کے بجلی کے بل کی ادائیگی کے لیے 10 ارب 34 کروڑ کی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔
ان علاقوں میں 300 یونٹ سے کم ماہانہ بجلی استعمال کرنے والوں سے گذشتہ سال اگست اور ستمبر کے بجلی کے بل وصول نہ کرنے کی منظوری دے دی۔
ای سی سی اعلامیے کے مطابق وزارت دفاع کے لیے 45 کروڑ روپے کی تکنیکی گرانٹ جاری کرنے کی منظوری بھی دے دی۔
ای سی سی نے پاور ہولڈنگ کمپنی کو 283 ارب روپے جاری کرنے کی منظوری دے دی۔
Comments are closed.