پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پہلی بار ہوگا کہ وزیراعظم، وزیراعلیٰ اور میئر کراچی جیالا ہوگا۔
کراچی میں تقریب سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملیر اور کراچی کے عوام پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں، 8 فروری کو اسی جذبے کے ساتھ تیر پر مہر لگانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی وجہ سے وفاق اور صوبے میں حکومت بنائیں گے، ہمارا رابطہ عوام سے ہے جبکہ دوسروں کا رابطہ خصوصی سلیکشن کمیٹی سے ہے۔
پی پی سربراہ نے مزید کہا کہ کراچی کے ہر ضلع میں کھیلوں کے بہترین میدان بنائیں گے، ہمیں حکومت کا موقع ملتا ہے تو ہم نوجوانوں کےلیے ووکیشنل ٹریننگ سینٹرز بھی بنائیں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ابراہیم حیدری میں ووکیشنل ٹریننگ کا مرکز بھی بنایا گیا ہے، پارٹی امیدواروں کو شارٹ لسٹ کیا جارہا ہے جس کے بعد پارلیمانی بورڈ فیصلہ کرے گا۔
بلاول بھٹو زرداری نے یہ بھی کہا کہ پیپلز پارٹی کو کسی الیکشن میں لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ملا، اس کے باوجود ہم جیتیں گے، یہ پہلی بار ہوگا کہ وزیراعظم، وزیراعلیٰ اور میئر جیالا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم اور مسلم لیگ ن اتحاد کا نقصان دونوں جماعتوں کو ہوگا، جب تک ن لیگ کا بیانیہ ’ووٹ کو عزت دو‘ تھا ہم ساتھ چلتے تھے۔
پی پی سربراہ نے کہا کہ جب بیانیہ تبدیل ہوا تو ساتھ چلنا مشکل ہو گیا، نہ شہباز شریف کو زبردستی وزیر اعظم بنوایا نہ کسی کو وزیر بنوایا۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہمارا تو ہمیشہ سے مؤقف ہے الیکشن ہوں، کسی اور کا پہلے کچھ اور اب کچھ اور مؤقف ہے۔
Comments are closed.