پاکستان نے پہلے ٹی 20 میچ میں نیوزی لینڈ کو 88 رنز سے شکست دے دی، 183 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مہمان ٹیم صرف 94 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
پاکستانی بولنگ لائن کے سامنے کیوی بولر میتھیو ہینری کی ہیٹ ٹرک کی رائیگاں چلی گئی۔
نیوزی لینڈ کی طرف مارک چپمین 34، کپتان ٹام لیتھم 20 اور جیمز نیشم 15 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جبکہ گرین شرٹس کے حارث رؤف نے حریف ٹیم کے 4 بیٹرز کو پویلین کی راہ دکھائی۔
پاکستان کی طرف سے عماد وسیم نے 2 جبکہ شاہین شاہ آفریدی، زمان خان، فہیم اشرف اور شاداب خان نے 1، 1 وکٹ اپنے نام کی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ آج 15 اپریل کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہی کھیلا جائے گا، جس کے بعد دونوں ٹیمیں راولپنڈی کےلیے روانہ ہوجائیں گی۔
اس قبل قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جارہے میچ میں کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پاکستانی ٹیم 19 اعشاریہ 5 اوورز میں 182 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی۔
گرین شرٹس کی طرف سے فخر زمان اور صائم ایوب نے 47، 47 رنز بنائے جبکہ فہیم اشرف 22 اور عماد وسیم 16 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے۔
کپتان بابر اعظم 9، محمد رضوان 8، شاداب خان 5، افتخار احمد صفر، شاہین آفریدی 1 اور حارث روف 11 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
میچ کے دوران کیوی بولر میتھیو ہینری نے میچ کے 13ویں اوور کی 5ویں اور چھٹی گیند پر شاداب خان اور افتخار احمد کو آوٹ کیا جبکہ اپنے اگلے اوور کی پہلی ہی گیند پر شاہین شاہ آفریدی کو قابو کرکے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔
اس سے قبل بابر اعظم اور ٹام لیتھم ٹاس کےلیے میدان میں اترے، گرین شرٹس کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
بابر اعظم الیون میں محمد رضوان، فخر زمان، صائم ایوب، شاداب خان، افتخار احمد، عماد وسیم، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور زمان خان کو شامل کیا گیا۔
دوسری طرف نیوزی لینڈ کی طرف سے ٹام لیتھم، چاڈ بوز، ول ینگ، ڈیرل مچل، مارک چپمین، جیمز نیشم، راچن روندرا، ایڈم ملنے، میٹ ہنری، ایش سودی اور بین لسٹر کو فائنل الیون میں شامل کیا گیا۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے گئے آخری 5 ٹی20 میچز میں گرین شرٹس کا پلڑا بھاری ہے، ان میں سے زیادہ تر میچ میں پاکستان نے ہدف کا کامیاب تعاقب کیا۔
گرین شرٹس نے 5 میں سے 4 مقابلوں میں فتح اپنے نام کی جبکہ نیوزی لینڈ صرف ایک مقابلے میں فاتح ٹھہرا۔
پاکستان نے 26 اکتوبر 2021 کو کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ کو 5 وکٹ سے مات دی تھی جبکہ 8 اکتوبر 2022 کوہونے والے میچ میں گرین شرٹس 6 وکٹ سے فاتح قرار پایا تھا۔
11 اکتوبر 2022ء کو ہونے والے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 9 وکٹ سے شکست دی تھی جبکہ 14 اکتوبر 2022ء کے میچ میں گرین شرٹس نے 5 وکٹ سے فتح سمیٹی تھی۔
گزشتہ برس 9 نومبر کو ہونے والے میچ میں گرین شرٹس نے 7 وکٹ سے فتح اپنے نام کی تھی۔
Comments are closed.