سنچورین: تین ایک روزہ میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد جنوبی افریقہ کو 3 وکٹوں سے شکست دیدی۔
سپر اسپورٹس پارک سنچورین میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر میزبان جنوبی افریقہ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ جنوبی افریقہ کا آغاز اچھا نہ رہا اور ابتدائی چار وکٹیں 55 رنز پر ہی گرگئیں۔ جس کے بعد وین ڈر ڈوسن اور ڈیوڈ ملر نے ٹیم کو سنبھالا، دونوں کے درمیان 116 رنز کی شراکت قائم ہوئی، اس موقع پر ڈیوڈ ملر 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، تاہم وین ڈرڈوسن نے شانداد بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور اسی کی بدولت اپنی ٹیم کے اسکور کو 273 رنز تک پہنچادیا۔
جنوبی اقریقہ نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 273 رنز بنائے، جنوبی افریقا کے وان ڈرڈیوسن 123 رنزکی ناقابل شکست اننگز کھیلی جب کہ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف نے 2، 2 اور فہیم اشرف اورمحمد حسنین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور امام الحق نے کیا، تاہم فخر زمان جلد ہی پویلین لوٹ گئے، قومی ٹیم کی پہلی وکٹ 9 رنز کے مجموعی اسکور پر گریی، فخر زمان 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، پہلی وکٹ گرنے کے بعد کپتان بابراعظم نے امام الحق کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے 177 رنز کی اہم شراکت قائم کی، امام الحق 70 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ بابر اعظم نے 103 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ ان دونوں کے آؤٹ ہونے کے بعد محمد رضوان نے 40 اور شاداب خان نے بھی 33 رنز کی اننگز کھیلی اور اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
پاکستان نے 274 رنز کا ہدف 50 ویں اوور کی آخری گیند پر 7 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا جبکہ جنوبی افریقا کی جانب سے انرچ نورجی نے 4، پھلکوایو نے 2 اور ربادا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
تین ایک روزہ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو ایک صفر کی برتری حاصل ہو گئی ہے اور دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ون ڈے 4 اپریل کو کھیلا جائے گا۔
Comments are closed.