ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ ہم عمر بڑھنے کے عمل کونہیں روک سکتے، جیسے جیسے ہماری عمر بڑھتی ہے، اپنے جسم اور ظاہری شکل وصورت میں تبدیلی دیکھتے ہیں۔
اس عمل کے نتیجے میں جلد اپنی تروتازگی اور نرمی کھونے لگتی ہے، جسم میں قوت مدافعت کم ہونے لگتی ہے، لیکن اگر ہم تازہ پھل اور سبزیاں استعمال کریں تو پھر اس بڑھتی عمر کے اثرات کو کافی حد تک کم کیا جاسکتا ہے۔
اس حوالے سے متعدد پھل اور سبزیاں اپنے اندر اینٹی آکسیڈنٹس، معدنیات، اور حیاتین رکھتی ہیں جو کہ جسم کے اندر اور باہر بڑھتی عمر سے پڑنے والے اثرات کو کم کرنے میں مدد دینے کے ساتھ ساتھ جلد کو تر وتازہ بناتی ہیں۔
گاجر اور چقندر کا جوس: چقندر غذائی اجزا سے بھرپور ہوتا ہے، جس میں پوٹاشیئم، زنک، فولاد، فولک ایسڈ، میگنیز اور وٹامن سی شامل ہے اور یہ تمام اجزا خون کو صاف کرنے اور جلد کو صحت مند رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں جبکہ دوسری جانب گاجر میں وٹامن اے ہوتا ہے جو کہ کیل مہاسوں کو ختم کرنے کے ساتھ جلد کی رنگت کو صاف اور اسے شفاف بناتا ہے، مجموعی طور پر یہ جوس جلد کے لیے نہایت ہی مفید ہے۔
انار کاجوس : انار میں یہ خصوصیت ہے کہ یہ خون کو صاف کرکے جسم کو صحت مند رکھتا ہے، یہ بڑھتی عمر کے اثرات کو زائل کرنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے اور خلیوں کو دوبارہ بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے جو کہ جلد کو ترو تازہ رکھنے میں معاون ہوتا ہے۔
پالک کا جوس: پالک کے سبز پتوں کا جوس تو ہماری صحت اور جلد کے لیے انتہائی مفید ہوتا ہے، اس میں فولاد اور وٹامن وافر مقدار میں ہوتا ہے جو کہ جلد کو نرم و گداز اور شفاف بناتا ہے، اس میں وٹامن سی، ای اور میگنیز کافی مقدار میں ہوتا ہے، اس کے علاوہ یہ بھی اینٹی آکسیڈنٹس ہوتا ہے، جو کہ جلد کے لیے مفید ہوتے ہیں۔
پپیتے کا جوس: پپیتے میں ایک انزائم پاپین ہوتا ہے جو کہ جلد پر پڑنے والے داغ دھبوں کو ختم کرنے کے ساتھ اسے شفاف بناتا ہے۔
ٹماٹر کا جوس: ٹماٹر کا جوس بھی اینٹی آکسیڈنٹس اجزا پر مشتمل ہوتا ہے یہ بھی قبل از وقت بڑھتی عمر کے اثرات جیسے کہ جھریوں کو پڑنے سے روکنے کے ساتھ ہمیں جواں اور توانا رکھتا ہے، اس کے علاوہ یہ بھی رنگت کو صاف کرتا ہے۔
Comments are closed.