پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری کی پٹھان قوم سے متعلق انتہائی نازیبا گفتگو سامنے آنے کے بعد ان سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔
چیئرمین تحریک اصلاحات پاکستان شاہ جی گل آفریدی کا کہنا ہے کہ فواد چوہدری کے بیان کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔
ایک بیان میں شاہ جی گل آفریدی نے کہا کہ فواد چوہدری کے الفاظ سے لسانیت کی بو آتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری کو پوری پاکستانی قوم بالخصوص پختون قوم سے معافی مانگنی چاہیے۔
واضح رہے کہ ایک نجی نیوز چینل کے پروگرام میں سابق ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن کو باتھ روم میں بند کیے جانے کے واقعے پر فواد چوہدری نے نازیبا انداز میں اظہارِ خیال کیا ہے۔
فواد چوہدری نے بشیر میمن کے اس حوالے سے سامنے آنے والے بیان پر مسکراتے ہوئے کہا کہ بشیر میمن نے بھی یہی کہا کہ مجھے سمجھانے کے لیے باتھ روم میں لے گئے تھے۔
پی ٹی آئی رہنما آن ایئر شو میں تہذیب کا دامن ہاتھ سے چھوڑ بیٹھے اور انہوں نے پٹھان قوم کے بارے میں انتہائی نازیبا تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’بشیر میمن نے خان کے ساتھ باتھ روم میں جانے کا بڑا رسک لیا‘۔
Comments are closed.