بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

پٹرولیم ڈویژن، اوگرا کی کمزور نگرانی نے پیٹرول بحران کو جنم دیا: آڈیٹر جنرل

آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے آڈٹ رپورٹ برائے مالی سال 20-2019ء جاری کر دی جس میں کہا گیا ہے کہ پٹرولیم ڈویژن اور اوگرا کی کمزور نگرانی نے پیٹرول کے بحران کو جنم دیا۔

آڈٹ رپورٹ کے مطابق ڈی جی آئل ملک میں تیل کی طلب اور رسد کے انتظام میں ناکام رہے، اوگرا آئل مارکیٹنگ کمپنیوں سے ضروری آئل اسٹوریج کی سہولتیں بنانےمیں ناکام رہا، اوگرا ان کمپنیوں سے پٹرولیم مصنوعات کی مسلسل سپلائی کرا سکا، نہ سزا دے سکا۔

آڈٹ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صورتِ حال کے باعث جون 2020ء میں تیل کی قلت ہوئی، سردیوں کے لیے ایل این جی کے بروقت ٹینڈر نہیں کیئے گئے۔

آڈیٹر جنرل کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں سستی ایل این جی کا فائدہ اٹھانے کی بجائے 7 ارب 73 کروڑ روپے کا نقصان کیا گیا۔

جاری کی گئی رپورٹ میں آڈیٹر جنرل نے مزید کہا ہے کہ مالی سال 20-2019ء میں پٹرولیم اور پاور ڈویژنز میں رابطہ سازی کا فقدان رہا۔

آڈٹ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ حکومت ایل این جی کی ضرورت اور درآمد پر درست تخمینہ لگانے میں ناکام رہی، اس صورتِ حال سے ایل این جی کی طلب و رسد میں فرق آیا اور قیمتیں بھی بڑھیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.