پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اعلان کے ساتھ ہی پٹرول پمپس پر شہریوں کا رش لگ گیا۔
خیال رہے کہ حکومت نے ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں مزید 30، 30 روپے کا اضافہ کردیا جس کے ساتھ ہی ان مصنوعات کی قیمتیں ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ناقابلِ یقین 200 کا ہندسہ عبور کرگئیں۔
اس اعلان کے ساتھ ہی شہریوں نے کچھ گھنٹوں کے لیے دستیاب سستا پٹرول اور ڈیزل خریدنے کے لیے پٹرول پمپس کا رُخ کرلیا۔
اسلام آباد میں پیٹرول پمپس پر صارفین کا رش لگ گیا۔ شہری رات 12 بجے نئی قیمتوں کے اطلاق سے پہلے گاڑیوں کی ٹنکیاں فل کروانے کے لیے کوشاں ہیں۔
ادھر کراچی کے مختلف پٹرول پمپس پر گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔ شہریوں نے شکوہ کیا کہ پٹرول پمپس پٹرول نہیں دے رہے۔
واضح رہے کہ پٹرول کی فی لٹر قیمت 209 روپے 86 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت 204 روپے 15 پیسے کردی گئی ہے۔
اسی طرح لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت بڑھا کر 178 روپے فی لٹر جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت بڑھا کر 181 روپے 94 پیسے کردی گئی۔
پریس کے دوران وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق 3 جون سے ہوگا۔
Comments are closed.