صوبائی وزیر امتیاز شیخ نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام سے گزارش ہے کہ وہ پُرامن رہیں اور قانون ہاتھ میں نہ لیں۔
امتیاز شیخ نے رہنما اے این پی شاہی سید اور جئے سندھ محاذ کے ریاض چانڈیو سے رابطہ کیا۔
صوبائی وزیر امتیاز شیخ کا بیان:
صوبائی وزیر نے شہر قائد کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے کہا کہ جو بھی قانون ہاتھ میں لے گا اس کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔
امتیاز شیخ نے کہا کہ عوام آپس میں محبت، بھائی چارگی اور ہم آہنگی برقرار رکھیں۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ سندھ صوفیا کی سر زمین ہے جو ہمیشہ پیار محبت کا درس دیتی ہے۔
صدر اے این پی سندھ شاہی سید کا بیان:
صدر اے این پی سندھ شاہی سید نے کہا کہ عوام سے پُرامن رہنے کی اپیل کرتے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ حکومت سے مکمل رابطے میں ہیں، کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہوگی۔
شرجیل انعام میمن کا بیان:
صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت نے شرپسندی میں ملوث عناصر کو گرفتار کیا ہے، قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنا کام کر رہے ہیں، سیاسی طور پر بھی سب سے بات چیت کر رہے ہیں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ چند روز پہلے حیدرآباد میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، بلال کاکا کسی ہوٹل میں کھانا کھانے گئے تھے، وہاں جھگڑا ہوا، اس واقعے میں ملوث دو افراد کو پولیس نے گرفتار کیا ہے جبکہ ملزمان بختیار، شیر خان اور ملہار مفرور ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ قوم پرست جماعتوں سے تعلق رکھنے والے اٹھائیس افراد کو گرفتار کیا ہے، سہراب گوٹھ پر شرپسندی کرنے والے 48 افراد گرفتار ہوئے ہیں۔
اُن کہنا تھا کہ میں نے شاہی سید اور ایاز لطیف پلیجو سے بات کی ہے، دونوں افراد نے واقعے کو لسانی رنگ نہ دینے پر زور دیا۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ نے بھی کہا کہ قانون سب کے لیے برابر ہے، کوئی قانون ہاتھ میں لے گا اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔
واضح رہے کہ 12 جولائی کو حیدرآباد کے ہوٹل پر جھگڑے کے دوران نوجوان بلال کاکا کے قتل کے بعد حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں ہوٹل بند کردیئے گئے تھے۔
Comments are closed.