جمعرات 12؍جمادی الثانی 1444ھ5؍جنوری 2023ء

پونے ٹی ٹوئٹی: سری لنکا نے دلچسپ مقابلے کے بعد بھارت کو شکست دیدی

پونے میں سیریز کے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں سری لنکا نے بھارت کو دلچسپ مقابلے کے بعد 16 رنز سے شکست دے دی۔ 

سیریز میں واپسی کے لیے مارو یا مرجاؤ کی صورت اختیار کرنے والے اس میچ میں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 206 رنز بنائے۔ 

اوپنر پاتھم نسانکا اور کوشل مینڈس نے اپنی ٹیم کو دھواں دار آغاز فراہم کیا، دونوں نے بالترتیب 33 ور 52 رنز کی اننگز کھیلی۔ 

چریتھ اسالانکا نے 19 گیندوں پر 37 رنز کے ساتھ اپنا حصہ ڈالا جبکہ اختتامی لمحات میں صرف 20 گیندوں پر نصف سنچری بنا کر کپتان داسن شناکا نے ٹیم کی ڈبل سنچری مکمل کروائی۔ 

بھارت کی جانب سے عمران ملک نے 3، اکسر پٹیل نے 2 اور یوزویندر چاہل نے ایک وکٹ لی۔

ہدف کے تعاقب میں بھارتی بیٹرز مشکلات کا شکار ہوئے۔ ابتدائی 10 اوورز میں صرف 65 رنز پر ہی آدھی بھارتی ٹیم پویلین لوٹ گئی۔

ایسے میں سوریا کمار یادیو اور اکسر پٹیل نے برق رفتار اننگز کھیلتے ہوئے ٹیم کو جیت کے قریب لانے کی کوشش کی۔ 

سوریا نے 36 گیندوں پر 51 اور پٹیل نے 31 گیندوں پر 65 رنز کی اننگز کھیلی۔ 

اختتامی لمحات میں سری لنکن بولرز نے اپنے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے  سوریا اور اکسر کو آؤٹ کیا، جبکہ آخری اوور میں شووم ماوی کے 15 گیندوں پر 26 رنز کی اننگز کو بھی بریک لگادی۔

سری لنکا کی جانب سے دلشان مدھوشنکا، کاسن رجیتھا اور دسن شناکا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ ونندو ہسارانگا اور چمیکا کرونا رتنے نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس جیت کے ساتھ ہی سری لنکا نے سیریز 1-1 سے برابر کردی۔

خیال رہے کہ یہ سری لنکا کی بھارتی سرزمین پر اس کے خلاف 7 سال بعد ٹی ٹوئنٹی مقابلے میں یہ پہلی کامیابی ہے۔

واضح رہے کہ 9 فروری 2016 کو سری لنکا نے پونے کے اسی میدان پر بھارت کو 5 وکٹوں سے یک طرفہ مقابلے کے بعد شکست دی تھی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.