بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

پولیس کی اسمبلی ہال میں داخلے کیخلاف پرویز الہیٰ کی درخواست دائر

پرویز الہٰی نے اسمبلی ہال میں پولیس سیکیورٹی کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی، استدعا کی کہ آئی جی پنجاب کو حکم دیا جائے کوئی پولیس والا اسمبلی ہال میں داخل نہ ہو۔

سپریم کورٹ میں پرویز الہٰی کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سارجنٹس کو اسمبلی ہال کی سیکیورٹی کرنے دی جائے۔

درخواست میں پرویز الہیٰ نے حمزہ شہباز، ڈپٹی اسپیکر، چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب کو فریق بنایا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے لیے تاریخی دنگل آج ہورہا ہے، جیت کے لیے پرویز الہیٰ اور حمزہ شہباز دونوں ہی پُرامید ہیں۔

پرویز الہٰی نے درخواست میں کہا کہ پنجاب اسمبلی میں اکثریت کھونے کے بعد حمزہ شہباز شکست تسلیم کرنے کو تیار نہیں۔

انہوں نے کہا کہ غیر آئینی اقدامات کر کے انتخابات میں خلل ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جبکہ سپریم کورٹ یکم جولائی کو صاف اور شفاف انتخابات کا حکم دے چکی ہے۔

پرویز الہٰی کا درخواست میں موقف ہے کہ شکست نظر آتے ہوئے ن لیگ اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے، سارجنٹس کی جگہ پولیس کی اسمبلی ہال میں تعیناتی کا غیر قانونی نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی میں وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے سلسلے میں آج ہونے والے اجلاس کی سیکیورٹی سے متعلق ڈپٹی اسپیکر کے مراسلے پر سیکیورٹی پلان مرتب کرلیا گیا ہے۔

ڈپٹی اسپیکر دوست مزاری نے چیف سیکریٹری اور انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس کو مراسلہ لکھا جس میں انہوں نے سیکیورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.