اسپیکر پنجاب اسمبلی سردار سبطین خان کا کہنا ہے کہ پرویز الہٰی کے گھر پر پولیس کا دھاوا ریاستی دہشت گردی ہے۔
سردار سبطین خان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ چادر اور چار دیواری کے تقدس کو بری طرح پامال کیا گیا، چھاپہ منصوبہ بندی کے تحت مارا گیا۔
انہوں نے کہا کہ جھوٹے مقدمات بنا کر عوام کے عزم کو متزلزل نہیں کیا جاسکتا۔
سردار سبطین خان نے مزید کہا کہ رات کی تاریکی میں آپریشن ریاستی جبر کی بدترین مثال ہے۔
واضح رہے کہ چوہدری پرویز الہٰی کے لاہور میں گھر پر پولیس نے دھاوا بولا ہے، بکتر بند گاڑی مرکزی دروازہ توڑتی ہوئی رہائش گاہ میں داخل ہوئی۔
پولیس اہلکار دیواریں پھلانگ کر گھر میں کودے جبکہ سابق وزیراعلیٰ کے گھر سے اہلکاروں پر پتھراؤ کیا گیا اور پانی بھی پھینکا گیا۔
پولیس نے پی ٹی آئی کے مرکزی صدر کے گھر سے 7 ملازمین کوحراست میں لے لیا۔
اینٹی کرپشن ٹیم نے کارروائی گوجرانوالہ میں درج مقدمہ میں کی اور رہائش گاہ کے باہر ظہور الہٰی روڈ کو بند کردیا گیا تھا۔
Comments are closed.