سندھ پولیس کے کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ کے عملے نے لیاری کے علاقے کلری میں کارروائی کے دوران ملزم گلزار علی کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا۔
سی ٹی ڈی کے انچارج انویسٹیگیشن چوہدری غلام صفدر کے مطابق ملزم دو روز قبل پاک کالونی کے علاقے بڑا بورڈ میں ڈکیتی کے دوران شاہین فورس کے جوان نہال اور شہری شکیل احمد کے قتل میں ملوث ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے 30 بور پستول بھی برآمد کیا گیا جبکہ ملزم کا ایک ساتھی فرار ہوگیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے اس واردات میں ملوث ہونے کا اعتراف کرلیا ہے۔
یاد رہے کہ 19 اکتوبر کو بڑا بورڈ کے علاقے میں ایک شہری بینک سے چار لاکھ روپے نکلوائے تو اسے دو موٹر سائیکلوں پر سوار ملزمان نے گھیر لیا اور رقم چھیننے کی کوشش کی۔
مزاحمت کرنے پر ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوا۔
اطلاع ملتے ہی پاک کالونی تھانے کی شاہین فورس کے اہلکار موقع پر پہنچے تو ملزمان سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں شہری شکیل احمد اور پولیس کانسٹیبل نہال جاں بحق ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ ملزم گلزار علی کو اس سے قبل بھی مختلف وارداتوں میں ملوث ہونے پر گرفتار کیا گیا تھا۔
Comments are closed.