اتوار 26؍شعبان المعظم 1444ھ19؍مارچ 2023ء

پولیس نے زمان پارک سے پکڑے گئے افراد کی تفصیلات جاری کردیں

لاہور پولیس نے زمان پارک سے  پکڑے گئے 98 افراد کی فہرست بمع تصاویر جاری کردی۔

پولیس کے مطابق گرفتار پی ٹی آئی ورکرز میں زیادہ تر افراد کا تعلق لاہور، میانوالی اور کے پی کے سے ہے۔

پکڑے جانے والوں میں لاہور کے 26، میانوالی کے 11 اور کے پی، کے 24 افراد شامل ہیں جبکہ دیگر گرفتار افراد کا تعلق پنجاب کے مختلف اضلاع سے ہے۔

پولیس نے گزشتہ روز آپریشن کے دوران کرین کے ذریعے مین گیٹ توڑ دیا تھا۔

دوسری جانب زمان پارک لاہور میں انسدادِ تجاوزات آپریشن کے معاملے پر پی ٹی آئی کے کارکنوں کی جانب سے پولیس پر حملے کا ایک اور مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، مقدمہ پولیس کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

پولیس کے مطابق مقدمہ دہشت گردی، اقدام قتل سمیت 13 دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ پولیس ٹیم دہشت گردی عدالت سے جاری سرچ وارنٹ لے کر زمان پارک گئی، بات چیت شروع کرتے ہی 300 نامعلوم کارکنوں نے حملہ کردیا، کارکنوں کو پیٹرول بم پھینکنے کی کوشش کے دوران قابو کیا۔

تلاشی کے دوران زمان پارک سے رائفلیں برآمد ہوئیں، کارکنوں نے سینئر قیادت کی ایماء پر پولیس پر حملہ کیا۔

دوسری جانب جوڈیشل مجسٹریٹ لاہور نے زمان پارک پولیس آپریشن میں گرفتار 102 ملزمان کا ریمانڈ منظور کر لیا۔

ڈیوٹی جوڈیشل مجسٹریٹ غلام رسول نے پولیس کی درخواست پر سماعت کی۔

جوڈیشل مجسٹریٹ نے 102 ملزمان کو ایک روز کے ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے دیا۔

عدالت نے ملزمان کو کل انسدادِ دہشت گردی عدالت میں پیش کرنے کا حکم بھی دے دیا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.