جمعرات 27؍شوال المکرم 1444ھ18؍مئی 2023ء

پولیس رہائشگاہ کا محاصرہ کرچکی، شاید گرفتاری سے قبل یہ میرا آخری بیان ہو، عمران خان

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ پولیس میری رہائشگاہ کا محاصرہ کرچکی ہے، شاید گرفتاری سے قبل یہ میرا آخری بیان ہو۔

عمران خان نے زمان پارک میں کارکنوں سے خطاب میں کہا کہ آج خوف ہے پاکستان اس راستے پر نکل گیا جو تباہی کا راستہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک سال سے افراتفری ملک میں مچی ہوئی ہے، خوف ہے حکمت نہ استعمال کی گئی تو شاید بات وہاں پہنچ جائے جہاں ملک کے ٹکڑے واپس جمع نہ کرسکیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق کارکنوں کو زمان پارک جانے سے روکنے کیلیے راستے بند کیے گئے ہیں۔

عمران خان نے مزید کہا کہ پورا زور لگا ہوا ہے کہ کسی طرح عمران خان کا راستہ بند کیا جائے، الیکشن بھی نہ ہوں، آئین بھی ٹوٹ جائے لیکن مجھے نہیں آنے دینا۔

ان کا کہنا تھا کہ سروے دیکھ لیں پاکستان میں پی ٹی آئی کی 70 فیصد مقبولیت ہے، پی ڈی ایم نے فیصلہ کیا ہے الیکشن نہیں لڑنا، ان کو خوف ہے کہ الیکشن ہوگیا تو عمران خان آجائے گا۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ ان کو فکر ہے اربوں روپے کے کرپشن کیس انہوں نے معاف کرائے ہیں، ان کی کوشش ہے کہ کرپشن کا پیسا محفوظ رہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کی وجہ سے پورا ملک تباہی کے راستے پر جارہا ہے، ان کو بس یہ خوف ہے کہ عمران خان آکر ہمارا این آر او واپس نہ لے۔

پنجاب کی نگران حکومت نے تحریک انصاف کو الٹی میٹم دے دیا۔

عمران خان نے کہا کہ یہی وجہ ہے یہ ملک کی سب سے بڑی جماعت اور فوج کو آمنے سامنے کھڑا کر رہے ہیں، یہ کامیابی سے یہ کر رہے ہیں یہ پرانے سیاستدان ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ان کو ڈرا رہے ہیں کہ عمران خان آکر آپ کو ہٹا دے گا، میں بار بار کہہ رہا ہوں کہ میں اداروں میں مداخلت نہیں کرتا، میں بار بار پیغام بھجوا چکا ہوں مگر یہ ان کو ڈراتے ہیں۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ مداخلت کرنی ہوتی تو جب پتا تھا کہ پچھلا آرمی چیف سازش کر رہا ہے تو تب ہٹا دیتا۔

انہوں نے کہا کہ باقی ادارے تو مداخلت کرکے تباہ کیے جاچکے ہیں، میں نہیں چاہتا تھا کہ ایک ادارہ جو مداخلت سے بچا ہوا ہے، اس کے ساتھ بھی ایسا کیا جائے، میں نے ساری دنیا میں اپنی فوج کا دفاع کیا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.