پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پولیس اور سیکیورٹی فورسز پر حملے کرنے والے ناقابلِ معافی ہیں۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز کی عمارت پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ دہشت گردی کی نرسریوں کو ختم کرنے کے لیے نیشنل ایکشن پلان پر عمل کیا جائے۔
بلاول بھٹو زرداری نے دہشت گردوں کے حملے میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی ہے۔
دوسری جانب سابق صدر آصف زرداری نے ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے منصوبہ سازوں اور نرسریوں کو ختم کرنا ہو گا۔
آصف زرداری نے شہید جوانوں کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار بھی کیا ہے۔
نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز کی عمارت پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم شہداء کی بے مثال قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔
محسن نقوی کا کہنا ہے کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں شہداء کے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔
واضح رہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں سیکیورٹی فورسز کی عمارت پر دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی ٹکرا دی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حملے میں 3 سیکیورٹی فورسز کے اہلکار شہید اور 16زخمی ہو گئے ہیں۔
حکام نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد مارے گئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے سے عمارت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
Comments are closed.