اتوار27؍رجب المرجب 1444ھ19؍فروری 2023ء

پولیس آفس حملے کی تفتیش کو جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچایا جائے، غلام نبی میمن

کراچی میں آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں سیکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی پولیس آفس میں ہونے والے حملے کی تفتیش کو جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گرد کفایت اللّٰہ کے گھر والوں سے تفتیش کی گئی۔

اعلیٰ سطح کے اس اجلاس میں صوبے بھر کی سیکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، آئی جی سندھ نے کہا کہ کراچی پولیس چیف کے دفتر پر حملہ انتہائی لرزہ خیز واقعہ تھا۔ حملے کی تفتیش کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے، واقعے کی تفتیش کےلیے ہائی پاورڈ کمیٹی بنادی ہے۔

اس موقع پر آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ پولیس لائنز اور ان میں موجود مساجد کی سیکیورٹی کو مزید بہتر بنایا جائے۔ اس کے علاوہ اہم سرکاری دفاتر، عمارتوں، ٹریننگ سینٹرز، اسٹیبلشمنٹ اور دیگر کی سیکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے جبکہ سیکیورٹی کے مجموعی اقدامات کو ریڈ الرٹ کیا جائے۔

غلام نبی میمن نے کہا کہ شہیدوں کے ورثاء کا خیال رکھا جائے اور تمام زخمیوں کو بھرپور طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.