وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پنڈورا پیپرز میں جو بھی قصور وار پایا گیا اس کے خلاف کارروائی ہوگی، حکومت پنڈورا پیپرز میں شامل تمام پاکستانیوں کی تحقیقات کرے گی۔
عمران خان نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ پینڈورا پیپرز کی تحقیقات کا خیرمقدم کرتے ہیں، اشرافیہ نے ٹیکس چوری، کرپشن سے ناجائز دولت بنائی۔
وزیراعظم نے کہا کہ غریب ملکوں کا پیسہ روکنے کے لیے امیر ملک کچھ نہیں کرتے۔
عمران خان نے کہا کہ پینڈورا پیپرز نے کرپشن سے کمائی گئی اشرافیہ کی ناجائز دولت کو بے نقاب کیا۔ اشرافیہ نے کالے دھن کو مالیاتی محفوظ پناہ گاہوں میں منتقل کیا۔
وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ اقوام متحدہ کے ادارے نے چوری شدہ اثاثوں کا تخمینہ 7 ٹریلین ڈالر لگایا ہے، یہ دولت بڑے پیمانے پر آف شور ٹیکس ہیونز میں منتقل کی گئی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ میری حکومت پنڈورا پیپرز میں سامنے آنے والے تمام شہریوں کی تحقیقات کرے گی، اگر کوئی غلطی ثابت ہوئی تو مناسب کارروائی کریں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ عالمی برادری اس سنگین ناانصافی کو موسمیاتی تبدیلی کے بحران کی طرح سمجھے، ترقی پذیر دنیا کی اشرافیہ ایسٹ انڈیا کمپنی کی طرح دولت لوٹ رہی ہے، بدقسمتی سے امیر ریاستیں بڑے پیمانے کی اس لوٹ مار کو روکنے میں دلچسپی نہیں رکھتیں۔
Comments are closed.