اتوار 4؍محرم الحرام 1445ھ23؍جولائی 2023ء

پنوعاقل: پسندکی شادی پر 2 برادریوں میں تصادم، 2 افراد قتل، بچی و 2 خواتین کے اغواء کا مقدمہ

سندھ کے ضلع سکھر کی تحصیل پنو عاقل میں پسند کی شادی کے معاملے پر 2 افراد کے قتل، بچی اور 2 خواتین کے اغواء کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق مقدمہ انسدادِ دہشت گردی، اغواء، قتل اور دیگر دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔

مقدمے میں 34 افراد نامزد کیے گئے ہیں جبکہ 140 نامعلوم افراد کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

پنوعاقل میں کلہوڑو برادری کی اغواء کی گئیں دو خواتین کو 22 گھنٹے بعد بازیاب کرالیا گیا۔

مقدمے کے متن کے مطابق جدید اسلحے سے لیس مسلح ملزمان گاؤں میں گھس آئے، جنہوں نے گاؤں میں موجود خواتین اور بچوں کو یرغمال بنا کر 2 نوجوانوں کو قتل کر دیا جبکہ بچی اور 2 خواتین کو اغواء کر کے لے گئے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واردات میں ملوث 8 ملزمان گرفتار کر لیے گئے ہیں جبکہ دیگر کی گرفتاری کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔

حکام نے کہا ہے کہ پسند کی شادی کرنے والے لڑکا لڑکی کے تاحال موبائل فونز بند ہیں، جوڑے کی بھی تلاش جا ری ہے، ان کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پنوعاقل میں کلہوڑو برادری کی اغواء کی گئیں 2 خواتین کو 22 گھنٹے بعد بازیاب کرا لیا گیا تھا۔

ایس ایس پی سکھر سنگھار علی کے مطابق کلہوڑو برادری کے نوجوان نے مہر برادری کی خاتون سے پسند کی شادی کی تھی، جس کے بعد مہر برادری کے مسلح افراد نے کلہوڑو برادری کے گاؤں پر حملہ کر کے 2 افراد کو قتل اور 2 خواتین کو اغواء کر لیا تھا۔ 

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.