ترجمان طالبان ذبیح اللّٰہ مجاہد نے وادی پنج شیر میں پاکستان کی مداخلت سے متعلق اطلاعات کو افواہ قرار دیتے ہوئے سخت الفاظ میں تردید کی ہے۔
عبوری حکومت کی کابینہ کا اعلان کرتے ہوئے ترجمان طالبان نے کہا کہ پنج شیر میں پاکستان کی مداخلت ایک افواہ ہے۔
خیال رہے کہ افغانستان کے ناقابلِ تسخیر سمجھے جانے والے پنج شیر پر طالبان نے حملہ کرکے قبضہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا جبکہ مزاحمتی فورسز کی جانب سے اس دعوے کو مسترد کیا جاتا رہا ہے۔
اس حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک بھارتی نیوز چینل نے پاکستان مخالف پروپگینڈا کیا، تاہم سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اس کا بھانڈا پھوڑا گیا تو اُس چینل نے دنیا کے سامنے حقیقت آجانے کے بعد اپنا منہ چھپاتے ہوئے اس پر معافی بھی مانگی تھی۔
تاہم آج پریس کانفرنس کے دوران ایک صحافی نے بھی ذبیح اللّٰہ مجاہد سے پنج شیر میں پاکستان کی جانب سے کارروائی سے متعلق سوال کیا تو انہوں نے پڑوسی ملک کی مداخلت کے بارے میں زیر گردش افواہوں کی دوٹوک الفاظ میں تردید کی۔
ترجمان طالبان کا کہنا تھا کہ پنج شیر میں پاکستان کی مداخلت ایک افواہ ہے۔
ساتھ میں ذبیح اللّٰہ مجاہد نے یہ بھی کہا کہ ہم کسی بھی طرح کی مداخلت کی اجازت نہیں دیتے۔
امریکا اور اس کی اتحادی افواج کے خلاف اپنی جنگ اور پنج شیر میں کارروائی کو انہوں نے اس طرح بیان کیا کہ ہم نے آزادانہ طور پر کارروائیاں کیں۔
ذبیح اللّٰہ مجاہد کا کہنا تھا کہ ہم افغانستان میں ان ممالک کے خلاف لڑنے کی صلاحیت رکھتے تھے جنہوں نے اس ملک پر قبضہ کیا ہوا تھا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم پوری دنیا سے اسلام اور اس ملک کی خاطر لڑے ہیں۔
Comments are closed.