بدھ 28؍محرم الحرام 1445ھ16؍اگست 2023ء

پنجاب کے دیہاتوں میں شہروں کی طرز پر صفائی پروگرام کا آغاز

نگراں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے گاؤں قلعہ شریف شرقپور سے اب گاؤں چمکیں گے پروگرام کا آغاز کیا۔

اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار دیہات کو بھی شہروں کی طرز پر صفائی عملہ اور سہولیات مہیا کی جائیں گی۔

اُنہوں نے کہا کہ دیہات میں بھی کمپیوٹرائزڈ برتھ سرٹیفکیٹ، ڈیتھ سرٹیفیکٹ، میرج سرٹیفیکٹ کی سہولیات میسر ہوں گی۔

محسن نقوی نے کہا کہ دیہات کی صفائی کے لیے یونین کونسل کی سطح پر جدید مشینری مہیا کی جائے گی۔

اُنہوں نے کہا کہ دیہات کا سب سے بڑا صفائی اور سینی ٹیشن کا مسئلہ اس پروگرام سے حل ہوگا، وطن سے محبت کا تقاضہ ہےکہ ہم اسے صاف ستھرا رکھیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ یہ پروگرام بہت عرصےسے رُکا ہوا تھا لیکن اب ہماری کوشش ہوگی کہ ہرگاؤں چمکے۔

اُنہوں نے کہا کہ 15روزمیں تمام گاؤں میں چوکیدار اور صفائی کا عملہ مہیا کردیا جائے گا، گاؤں کی کمیٹیاں پروگرام پر عملدرآمد یقینی بنائیں گی۔

اس حوالے سے نگران وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی گئی کہ ہر یونین کونسل کو سینٹری ورکرز مہیا کیےجائیں گے،

بریفنگ میں بتایا گیا کہ کچرا ٹھکانے لگانےکے لیے مقامی افراد کی مشاورت سےمقامات کا تعین کیا جائے گا، پروگرام کے تحت گلیوں اور نالیوں کی باقاعدگی سے صفائی کو یقینی بنایا جائے گا اور اس پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے مقامی افراد پر مشتمل ویلیج کمیٹیاں بنائی جائیں گی۔

بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ  2468 یونین کونسلز کو صفائی کی سہولیات مہیا کی جائیں گی، صفائی اورسینی ٹیشن پروگرام کے لیے چھوٹےگھروں سے  فیس وصول نہیں کی جائے گی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.