پنجاب کی وزیرِ صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ پنجاب میں اومی کرون کے کیسز کی تعداد 170 ہو گئی، لاہور میں کورونا وائرس پھر پھیلنے لگا، جس کے مثبت کیسز کی شرح 3 اعشاریہ 8 فیصد ہو گئی ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ پنجاب میں ہیلتھ کارڈ کا اجراء تیزی سے جاری ہے، پرائیویٹ اسپتالوں میں بھی ہیلتھ کارڈ والے مریض آتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان ان شاء اللّٰہ بہت جلد پولیو فری ممالک کی فہرست میں آ جائے گا، اومی کرون کی وجہ سے انفیکشن بڑھ رہا ہے۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ شادی اور دیگر تقریبات میں حفاظتی اقدامات مدِنظر نہیں رکھے جا رہے، اومی کرون کی شدت کم لیکن اس کا پھیلاؤ تیزی سے ہوتا ہے۔
وزیرِ صحت پنجاب نے یہ بھی کہا کہ اومی کرون سے بچاؤ کے لیے ماسک کا استعمال اورسماجی فاصلے پر عمل درآمد ضروری ہے۔
دوسری جانب اومی کرون نے لاہور میں پنجے گاڑ لیے ہیں جہاں اس کے کیسز کی تعداد 70 ہو چکی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں آج کورونا سے مزید 8 اموات واقع ہوئی ہیں، کل اموات کی تعداد 28 ہزار 941 ہو گئی۔
گزشتہ 3 روز کے دوران ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی شرح 0 اعشاریہ 68 سے بڑھ کر 1 اعشاریہ 3 فیصد تک جا پہنچی ہے۔
Comments are closed.