پنجاب حکومت نے محرم الحرام میں کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ضابطہ اخلاق جاری کردیا۔
محکمہ صحت کا ڈپٹی کمشنرز، میڈیکل سپرنٹنڈنٹس، سی ای اوز کو مراسلہ جاری کردیا گیا ہے جبکہ محرم الحرام میں مجالس کے انعقاد کے لیے تفصیلی ایس او پیز بھی جاری کردیے گئے ہیں۔
سیکریٹری صحت سارہ اسلم نے کہا ہے کہ محرم الحرام میں عزاداروں کے لیے موبائل ویکسینیشن کا انتظام کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ یکم محرم سے عزاداروں کی آن اسپاٹ ویکسینیشن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ انتظامیہ مجالس اور جلوسوں میں ماسک اور سینیٹایزر کی سہولت یقینی بنائے۔
سارہ اسلم کا کہنا تھا کہ مجالس کے انعقاد کے لیے ویکسینیٹڈ ذاکرین کو اجازت ہوگی۔
سیکریٹری صحت پنجاب نے کہا کہ مجالس میں بچے، بیمار اور عمر رسیدہ افراد شامل نہ ہوں، جلوس کے شرکا اور ذاکرین ماسک پہننے، سماجی فاصلے کا خیال رکھیں۔
سارہ اسلم کا کہنا تھا کہ مجالس کا انعقاد کھلی اور ہوا دار جگہوں پر کیا جائے ، مجالس اور جلوس میں داخلے سے پہلے شرکا کا درجہ حرارت چیک کیا جائے۔
انھوں نے کہا کہ مجالس کے دوران سماجی فاصلے کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، تبرکات اور کھانے کی تقسیم ڈسپوزیبل برتنوں میں دی جائیں۔
سارہ اسلم کا کہنا تھا کہ انتظامیہ مجالس اور ماتمی جلوسوں میں ماسک کے بغیر داخل ہونے پر پابندی عائد کرے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ نذر و نیاز کی تقسیم کا انتظام کھلی جگہ پر کیا جائے، مجالس اور جلوسوں کے شرکا کورونا ایس او پیز پر لازمی عمل کریں۔
Comments are closed.